صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرِ صدارت اجلاس
O صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرِ صدارت کراچی کی پانی کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں کراچی میں پانی کی قلت کے حل کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو پانی کے حوالے سے جاری منصوبوں پر ہونے والے پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ صدر مملکت نے کہاکہ پانی کی قلت کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، کراچی کو روزانہ 1100 سے 1200 ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہاکہ کراچی کیلئے پانی کے منصوبے فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت ہے، کراچی کو پانی کی فراہمی کے تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوںنے کہاکہ کراچی کے مسائل کا جلد حل اور شہریوں کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے، متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے تعاون اور مربوط کوششوں سے مسائل کا جلد حل ممکن ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی وپٹرولیم حماد اظہر، ممبر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی ،گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ممبر سندھ اسمبلی سمر خان نے آن لائن شرکت کی ،سی ای او حبکو، کامران کمال اور دیگراعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔