ساہیوال:سفاکیت کی انتہا،زمیندار کو ٹریکٹر تلے کچل دیا گیا

ساہیوال(نمائندہ باغی ٹی وی)راستہ نہ دینے پر تنازعہ،مخالفین نے زمیندار کو ٹریکٹر تلے کچل کر ہلاک کردیا،مقدمہ درج ملزمان موقع سے فرار
تفصیلات کے مطابق تھانہ کمیر کی حدود میں واقع ساہیوال کے نواحی گاؤں 152/9L میں عباد حسین نامی شخص اپنے زیر کاشت رقبہ میں موجود تھا کہ اس دوران اسی گاؤں کے رہائشی عبدالستار عرف طاہری اور ذوالفقار، مقتول عباد کی زمینوں سے ملحقہ زرعی رقبے میں ہل چلانے کے لیے ٹریکٹر پر سوار ہوکر آئے اور ٹریکٹر کو مقتول کی کاشت شدہ فصل میں سے گزار کر فصل کا نقصان کرتے ہوئے گزر گئے،ہل چلانے کے بعد واپسی پر دوبارہ وہاں سے گزرنے لگے تو عباد حسین نے انہیں روک کر سمجھایا اور انہیں تیار فصل کو تباہ کرنے سے باز رہنے کا کہا جس پر عبدالستار اور ذوالفقار طیش میں آگئے اور انہوں نے ٹریکٹر کو پوری رفتار سے عباد پر چڑھا دیا،مقتول کا تمام بدن ٹریکٹر اور ہل کے نیچے آکر کچلا گیا اور اس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا،جبکہ ملزمان فرار ہوگئے،پولیس نے مقدمہ درج کرکے قانونی کاروائی کا آغاز کردیا ہے،واضح رہے کہ ساہیوال ان دنوں لاقانونیت کی لپیٹ میں ہے گذشتہ تین روز میں معمولی تنازعات پر چار افراد قتل ہوچکے ہیں