ممبئی: ‘دیوانہ’ اور ‘کہو نہ پیار ہے’ جیسی بلاک بسٹر فلموں کے مصنف ساگر سرحدی 88 سال کی عمر میں بھارت کے شہر ممبئی میں انتقال کر گئے۔
باغی ٹی وی : باغی میڈیا رپورٹس کے مطابق ساگر سرحدی کا پورا نام ‘گنگا ساگر تلوار تھا’ اور وہ 11 مئی 1933 کو پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں پیدا ہوئے لیکن تقسیم کے بعد انہوں نے بھارت میں قیام کو ترجیح دی۔
ایبٹ آباد چونکہ شمال مغربی سرحدی صوبہ (موجودہ خیبرپختونخوا) کا شہر تھا اس لیے وہ اپنے نام کے ساتھ سرحدی لگاتے تھے اور اسی نام سے بالی وڈ میں جانے جاتے تھے۔
ساگر سرحدی خاص طور پر اردو افسانے، اسکرین پلے اور ڈائیلاگ رائٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
کچھ عرصہ قبل انہیں دل کے عارضے کی وجہ سے ممبئی کے ایک اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ آج چل بسے۔
ساگر سرحدی نے 1976 میں امیتابھ بچن اور راکھی کی فلم فلم ‘کبھی کبھی’ سے شہرت حاصل کی جس کے بعد انہوں نے سمیتا پٹیل اور نصیرالدین شاہ کی اسٹارر فلم ‘بازار’ کی ہدایتکاری کی تھی۔
ساگر سرحدی فاروق شیخ ، نصیرالدین شاہ اور شبانہ اعظمی کی 1984 میں بننے والی فلم ‘لوری’ کے پروڈیوسر رہ چکے ہیں۔
وہ ہریتک روشن اور امیشا پٹیل کی مشہور زمانہ فلم ‘کہو نہیں پیار ہے’ کے اسکرین رائٹر بھی تھے جب کہ شاہ رخ خان کی فلم ‘دیوانہ’ کا اسکرپٹ بھی سرحدی نے لکھا تھا جبکہ انہوں نے فلم سلسلہ بھی تحریر کی-