ساہیوال:پنجاب حکومت کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر آفس میں ماہانہ ریونیو کھلی کچہری کا انعقاد،عوام نے محکمہ مال سے متعلقہ شکایات پیش کیں،ڈپٹی کمشنر بابر بشیر کی متعلقہ ریونیو افسران کو تمام شکایات پر فوری ایکشن لینے کی ہدایت -تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر آفس کے لان میں ریونیو سے متعلق کھلی کچہری لگائی گئی جس میں اے ڈی سی ریونیو اویس مشتاق اور اسسٹنٹ کمشنر سفیان دلاور سمیت ساہیوال کے تمام ریونیو افسران نے شرکت کی -کھلی کچہری میں شکایات کی نوعیت کے حوالے سے الگ الگ خصوصی ڈیسک قائم کئے گئے تھے جہاں عملہ فوری عملدر آمد کے لئے تمام وقت موجود رہا -زیادہ تر شکایات کا تعلق کھیوٹ کی تقسیم،اندراج کی درستگی،اراضی ریکارڈ سنٹر پر در پیش مسائل،زرعی رقبے پر قبضہ اور غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں میں خریدو فروخت پر پابندی سے متعلق تھیں -ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خریدوفروخت پر پابندی کا معاملہ بورڈ آف ریونیو سے اٹھایا گیاہے اور توقع ہے کہ 10دن کے اندر یہ پابندی ختم کر دی جائے گی -انہوں نے مختلف دیہات میں سرکاری اراضی پر قبضے کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام قبضوں کو فی الفور ختم کرایا جائے اور مفاد عامہ کے لئے مختص جگہ کو اسی مقصد کے لئے استعمال کرایا جائے -کھلی کچہری میں 67افراد نے تحریری درخواستیں دیں جنہیں ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے متعلقہ برانچوں کو بجھوا کر رپورٹ طلب کر لی ہے – کھلی کچہری میں رامے ٹاؤن ساہیوال کے رہائشی محمد اسلم نے مسجد سے متصل حجرے کی 2مرلے جگہ پر ناجائز قبضہ واگزار کرانے کی درخواست کی جس پر ڈپٹی کمشنر نے فوری عملدر آمد کا یقین دلایا –