پشاور— پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر سیف نے شیرافضل مروت اور شعیب شاہین کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے اور حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت "اوچھے ہتھکنڈوں” پر اتر آئی ہے اور پی ٹی آئی کے رہنماوں کو کامیاب جلسے کی سزا دی جارہی ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ایک بیان میں الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے دیگر رہنماوں کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے اور حکومت جان بوجھ کر حالات کو خراب کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام حکومت کی اپنی ڈوبتی سلطنت کو مزید وقت دینے کی ناکام کوشش ہے۔بیر سٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے آج دن سے کوئی رابطہ نہیں ہو رہا، اور علی امین گنڈا پور سے بھی کوئی رابطہ ممکن نہیں ہو رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نے بتایا تھا کہ وہ اسلام آباد جا رہے ہیں اور کسی میٹنگ میں شرکت کرنی ہے، لیکن خیبر پختونخوا کے اسٹاف کا نمبر بھی بند جا رہا ہے۔
انہوں نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کی باتوں کا بھی ذکر کیا، اور کہا کہ حکومت کی حرکتوں سے واضح ہوتا ہے کہ وہ "خودکشی کرنے پر تلی ہوئی ہے”۔ بیرسٹر سیف نے اس بات پر زور دیا کہ "جعلی حکومت” حالات کی ذمہ دار ہے اور پی ٹی آئی اس فسطائیت پر خاموش نہیں بیٹھے گی .بیر سٹر سیف نے حکومت کے اقدامات کو "جعلی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ایسے اقدامات کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گی اور عوام کے حقوق کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔
Shares: