سلمان خان کا ٹرین حادثے پر شدید افسوس کااظہار

0
39

ممبئی: بالی ووڈ سُپر اسٹار سلمان خان نے کولکتہ ٹرین حادثے پر شدید افسوس کرتے ہوئے واقعے سے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

باغی ٹی وی : سلمان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنیے ٹوئٹ میں لکھا کہ حادثے کے بارے میں سن کر بہت دکھ ہوا، خدا مرحومین کی روح کو سکون دے، اس افسوسناک حادثے سے متاثر ہونے والوں کو محفوظ رکھے، لواحقین اور زخمیوں کو صبر و ہمت عطا کرے۔


واضح رہے کہ آج کولکتہ سے چنائی جانے والی مسافر ٹرین کی متعدد بوگیاں بھارتی ریاست اریسہ کے ضلع بالاسور میں پٹری سے اتر کر دوسری پٹری پر مخالف سمت سے آنے والی ٹرین سے ٹکرا گئیں جبکہ اسی دوران ایک مال گاڑی بھی دونوں ٹرینوں سے ٹکرا گئی افسوس ناک حادثے میں 288 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 900 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جمعہ کی شام تقریباً سات بجے پیش آنے والا ٹرین حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ کورومنڈیل ایکسپریس ٹرین کے کئی ڈبے تباہ ہو گئے۔ ایک انجن مال ٹرین کے ریک پر چڑھ گیا۔ اس کے بعد امدادی اور بچاؤ ٹیم کو بوگیوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں کافی جدوجہد کرنی پڑی-

زندہ بچ جانے والے ایک شخص نے بتایا کہ جب حادثہ ہوا تو 10 سے 15 لوگ مجھ پر گرے اور سب کچھ تباہ ہوگیا۔ میں ڈھیر کے نیچے تھا۔”میرے ہاتھ میں اور میری گردن کے پچھلے حصے میں چوٹ لگی۔ جب میں ٹرین کی بوگی سے باہر آیا تو میں نے دیکھا کہ کسی کا ہاتھ ختم ہو گیا تھا، کسی کی ٹانگ ختم ہو گئی تھی، جب کہ کسی کا چہرہ مسخ ہو چکا تھا-

اندھیرے کے باعث لوگ روتے ہوئے اپنے پیاروں کو ڈھونڈتے رہے۔ کچھ کو دھڑ ملا لیکن سر نہیں۔ لوگ چیختے چلاتے اور اپنے پیاروں کے ٹکڑے جمع کرتے نظر آئے۔ صورتحال ایسی تھی کہ بوگیوں میں پھنسے بچوں اور خواتین کو کوچ سے باہر نکالنے کے لیے سیڑھیوں کا سہارا لینا پڑا۔ مقامی لوگ بھی ٹرین میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے رات گئے تک انتھک محنت کرتے نظر آئے۔ اسپتال میں بھی بہت سے لوگ زخمیوں کی مدد کے لیے کھڑے رہے حادثے کے عینی شاہدین کے زخمیوں کے بیان سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ حادثہ کتنا خوفناک تھا-

یہ ملک کا دوسرا سب سے بڑا ٹرین حادثہ ہے۔ اس سے قبل 6 جون 1981 کو بہار کے سہرسہ میں ٹرین حادثے میں 235 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ مسافر ٹرین جس میں 900 افراد سوار تھے پٹری سے اتر کر باگمتی ندی میں گر گئی۔ اگرچہ غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس حادثے میں 500 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے

Leave a reply