سرگودھا : خاتون محتسب پنجاب کا معاون ٹیم کے ہمراہ سرگودھا کا دورہ ۔

0
81

سرگودھا میں خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی نے معاون ٹیم کے ہمراہ سرگودہا کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر آفس میں عدالت کے دوران خواتین سے متعلق سرگودہا ڈویژن کے 17 ریونیو کیسز کی سماعت کی. ان کیسز میں ضلع سرگودھا کے 05, میانوالی کے 10 اور بھکر کے 02 کیس شامل تھے۔کنسلٹنٹ عبدالرشید، انچارج پراپرٹی برانچ حافظ فاروق انور کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر عظیم شوکت اعوان موجود تھے۔خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کو وراثتی جائیداد دلانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے خاتون محتسب کا الگ ادارہ قائم کیا اور یہ عدالت حکم عدولی پر ہائی کورٹ کے اختیارات کی طرح توہین عدالت کی کارروائی کی مجاز ہے۔انہوں نے کہا کہ پراپرٹی رائٹس ایکٹ 2021 کے تحت خواتین کو وراثتی جائیداد کا حق دلایا جائیگا۔خاتون محتسب کی عدالت فوری کارروائی کرتے ہوئے 60 روز کے اندر فیصلے کررہی ہے۔نبیلہ حاکم علی نے کہا کہ خاتون محتسب کی عدالت قبضہ شدہ جائیداد کا مارکیٹ ریٹ پر کرایہ ادا کرنے کا ملزمان کو حکم بھی دے سکتی ہے۔خاتون محتسب پنجاب نے مزید کہا کہ خواتین کی جائیداد کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ سائلین کے گھروں کے نزدیک کیسز کی سماعت سے عوام کو آسانی ملتی ہے ہم صدقہ جاریہ سمجھ کر فرائض انجام دے رہے ہیں۔نبیلہ حاکم علی نے کہا کہ خواتین کو وراثتی جائیداد سے محروم کرنے کے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے عوام میں شعور و آگاہی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین اپنے حقوق کے دفاع اور ہراسمنٹ سے متعلق فوری داد رسی کیلئے خاتون محتسب کے دفتر سے رجوع کریں۔

Leave a reply