سرگودھا: ڈپٹی کمشنر کا پریس کلب تنازع پر لاہور ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کا حکم

سرگودھا،باغی ٹی وی (ملک شاہنواز جالپ ) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے لاہور ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے سرگودھا پریس کلب کے تنازع پر اہم تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے پریس کلب کے صدر اور جنرل سیکرٹری کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب کریں اور ورکنگ صحافیوں کی جانب سے دی گئی رکنیت کی درخواستوں پر 15 دن کے اندر فیصلہ کریں۔ ساتھ ہی ڈائریکٹر انفارمیشن سرگودھا کو اس فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

فیصلے کی کاپیاں اسسٹنٹ رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ، ڈائریکٹر انفارمیشن سرگودھا، اور صدر پریس کلب کو بھی بھجوا دی گئی ہیں۔

یہ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کے معزز ججز، جسٹس عابد حسین چھٹہ اور جسٹس علی باقر نجفی، کی جانب سے 11 ورکنگ صحافیوں کی رٹ پٹیشن کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا تھا۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو حکم دیا تھا کہ وہ درخواستوں پر فوری عملدرآمد کریں۔

ڈپٹی کمشنر کی عدالت میں دونوں فریقین (پریس کلب انتظامیہ اور 11 ورکنگ صحافیوں) کو تفصیلاً سنا گیا، جس کے بعد یہ فیصلہ جاری کیا گیا۔

اس سے قبل ڈائریکٹر انفارمیشن سرگودھا نے عدالتی فیصلے پر عمل کرتے ہوئے اپنی رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرائی تھی، جسے عدالت نے سراہا۔

یہ فیصلہ ورکنگ صحافیوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے صحافتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور شفافیت کو یقینی بنانے کی راہ ہموار ہو گی۔

Comments are closed.