سعودی عرب کی پاکستانی سیلاب زدگان کیلئے قومی مہم کا آغاز
سعودی عرب نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کیلئے قومی مہم کا آغاز کر دیا۔
برادر ملک سعودی عرب نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بڑا اقدام کیا ہے۔ سیلاب زدگان کی بحالی اور امداد کے لیے قومی مہم شروع کی گئی ہے۔
مہم کا آغاز سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر کیا گیا۔ سعودی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ سیلاب زدگان کی مدد کیلئے سعودی عرب میں براہ راست نشریات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے لیے 100 ٹن امدادی سامان بھیجا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے عطیات مہم شروع کی گئی ہے تمام اہل خیر سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ’ساھم‘ پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی عوام کی مدد کے لیے آگے آئیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات كے سفیر حمد عبید الزعابی پاکستان میں سیلاب سے متاثرین کے لیے امدادی پیکجز جمع كرنے کے لیے "ہم آپ کے ساتھ ہیں” کے اقدام میں یو اے ای بھر سے سینکڑوں رضاکاروں کے ساتھ شامل ہوئے، اور یہ مہم 1,200 ٹن خوراک جمع کرنے میں کامیاب ہوئی۔