سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں میں آج عیدالاضحیٰ منائی جا رہی
باغی ٹی وی :عالم اسلام کے کئی ممالک میں آج عید الاضحیٰ‌ منائی جا رہی ہے . سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں میں آج عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے، مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں روح پرور اجتماعات ہوئے۔ حاجیوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی۔

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت سعودی عرب میں نماز عید کے اجتماعات کے موقع پر سماجی فاصلے کا خیال رکھا گیا اور احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کیا گیا۔ اس موقع پر اسلام کی سربلندی، امت مسلمہ کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

متحدہ عرب امارات، مصر، کویت، اردن، بحرین اور قطر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ انڈونیشیا، ایران، مصر اور ملائیشیا میں بھی عید سادگی سے منائی جا رہی ہے، لوگ سنت ابراہمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کر رہے ہیں۔

یورپ اور امریکا میں بھی مسلمان آج عید منا رہے ہیں۔ ترکی کی تاریخی مسجد آیا صوفیہ میں بھی نماز عید کا اجتماع ہوا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر ایس او پیز کا بھی خیال رکھا گیا
ادھر عازمین حج آج مزدلفہ سے منیٰ پہنچنے کے بعد شیاطین کو کنکریاں ماریں گے۔ انہیں شیاطین کو مارنے کے لیے کنکریوں کی تھیلیاں فراہم کر دی گئیں۔

مزدلفہ میں قیام کے دوران حجاج کرام کو شیاطین کو مارنے کے لیے کنکریاں فراہم کر دی گئیں۔ جمعہ کو فجر کی نماز کے بعد انھیں سعودی حکومت کی مہیا کردہ خصوصی بسوں کے ذریعے گروپوں کی شکل میں جمرات (منیٰ) لے جایا جائے گا جہاں وہ تینوں شیطانوں کو باری باری کنکریاں ماریں گے اور دعائیں کریں گے۔
قربانی کرنے کے بعد عازمین احرام اتار کر عام لباس زیب تن کریں گے۔

حجاج کرام نے خصوصی بسوں کے ذریعے میدان عرفات سے مزدلفہ پہنچنے کے بعد مغرب و عشا کی نمازیں اکھٹی ادا کیں۔ حجاج کرام نے پوری رات کھلے آسمان تلے گزاری،
میدانِ عرفات میں حجاج کرام رکنِ اعظم وقوف عرفہ کی تکمیل کے بعد جمعرات کی شام مزدلفہ کی جانب روانہ ہو ئے تھے۔ انھوں نے میدان عرفات میں واقع مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنا اور ظہر و عصر کی با جماعت نمازیں اکھٹی ادا کیں

Shares: