راولپنڈی:آرمی چیف سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت،اطلاعات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی وزیر خارجہ شہزاد فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی کی صورت حال سمیت افغان امن عمل، علاقائی امن اور رابطہ کاری سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے راولپنڈی میں ملاقات کی۔
اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب فروغ امن کیلئے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب بھائی چارے اور باہمی اعتماد کے بندھن میں بندھے ہیں، دونوں ممالک امن و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان اور مسلح افواج کی سپورٹ پر سعودی قیادت سے اظہار تشکر بھی کیا۔