سینیٹ الیکشن تحریک انصاف کا ہے، سبطین خان

0
38

سبطین خان کا کہنا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کا دور گزر چکا، 3 مارچ کو جمہوریت اور کرپشن کا مقابلہ ہوگا۔ سینٹ الیکشن تحریک انصاف کا، پی ڈی ایم کو ٹف ٹائم دیں گے۔
نیا بلدیاتی نظام عمران خان کے ویژن کے عین مطابق اور عوامی نظام ہوگا۔ صوبائی وزیر سردار محمد سبطین خان اور مختلف اضلاع کے اراکین اسمبلی کے مابین گذشتہ روز اہم ملاقاتیں ہوئیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی معاملات اور بالخصوص سینیٹ الیکشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سینیٹ انتخابات بارے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے سبطین خان نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن تحریک انصاف کا ہے۔ 3 مارچ کو جمہوریت اور کرپشن کا مقابلہ ہوگا جس میں جمہوریت ہی فتح یاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 3 مارچ کو کسی کو الیکشن خریدنے نہیں دیا جائے گا۔ پی ڈی ایم کو ٹف ٹائم دیں گے اور اپوزیشن اتحاد کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ سبطین خان نے مزید کہا کہ اپوزیشن اوپن بیلٹ انتخاب سے خوفزدہ ہے۔ انہیں معلوم ہو چکا کہ اوپن بیلٹ میں ان کی دال نہیں گلے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کا دور گزر چکا، اب پاکستان کو کرپشن اور کرپٹ عناصر سے پاک کرنے، نئی روایات اور ایمانداری کے کلچر کے پنپنے اور عملی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا وقت ہے۔ عمران خان کی قیادت میں اس جانب سفر شروع ہے۔ اراکین اسمبلی عمران خان کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں۔ سبطین خان نے کہا کہ عمران خان ہی کی قیادت میں کرپشن کا بوریا بستر گول کرکے اس ملک کو حقیقی معنوں میں ریاست مدینہ بنایا جائے گا۔ اس موقع پر سبطین خان اور اراکین اسمبلی کے مابین بلدیاتی انتخابات پر بھی گفتگو ہوئی جس میں صوبائی وزیر نے بتایا کہ نیا بلدیاتی نظام وزیر اعظم عمران خان کے منشور اور ویژن کے مطابق اختیارات کی نچلی سطح منتقلی اور مقامی سطح پر مسائل کے حل میں معاون ثابت ہونے والا ہے۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات میں بھی جمہوریت اور خدمت کو فتح ملے گی

Leave a reply