امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا تحریک لبیک کے کارکنوں کے نام اہم پیغام
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ خادم حسین رضوی کی اچانک وفات سے دلی صدمہ ہوا۔ اہل خانہ اور تحریک لبیک کے کارکنان و ذمہ داران کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اظہار تعزیت کرتے ہیں اور اللہ تعالی کے حضور ان کی مغفرت کے لیے دعاگو ہیں۔ اللہ تعالی انھیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو صبرجمیل سے نوازے۔ آمین
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سر اج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی روایتی الیکٹ ایبلز کی بجائے ایکسیپٹ ایبلز پر یقین رکھتی ہے ۔ 73سال سے مسلط الیکٹ ایبلز نے ملک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے ۔یہی الیکٹ ایبلز ہر حکومت کے ساتھ نظر آتے ہیں ۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت میں وہی لوگ شامل ہیں جو مشرف ،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ساتھ تھے ۔جب تک سیاسی جماعتیں اپنے اندر جمہوریت نہیں لاتیں جمہوریت پھل پھول نہیں سکے گی۔ جاگیر دار وں وڈیروں اور سرمایہ دار وں نے انتخابی نظام کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی حکومت نے بھی بلدیاتی اداروں کو مستحکم کرنے کی طرف توجہ نہیں دی۔انتخابی نظام سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے انتخابی اصلاحات کے بغیر عوام کا انتخابات پر اعتماد بحال نہیں ہوسکتا۔ جماعت اسلامی ملک کی سب سے بڑی جمہوری اور پروگریسو جماعت ہے ۔ہم ملک میں سیاسی و جمہوری نظام کے استحکام کی جدوجہد کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی گراس روٹ لیول تک انتخابی نظام کو عوام کی مرضی کے مطابق بنانا چاہتی ہے ۔
جماعت اسلامی میں نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں جگہ دینے کے لیے ہر سطح کی سیاسی کمیٹی میں متعلقہ صدر جے آئی یوتھ کو بھی کمیٹی کا رکن مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نوجوان ہمارا مستقبل اور قوم کی امید ہیں۔ خواہش ہے کہ اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے