پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے شہباز گل کو آسکر ایوارڈ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز گل کو گندی ایکٹنگ کا آسکر ایوارڈ ملنا چاہیے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا ہے کہ دوسروں کی بیماری پر تماشے لگانے والا آج خود تماشے کر رہا ہے، شہباز گل میڈیکل رپورٹس کا مذاق اڑا رہا ہے۔
طلال چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ اصلی میڈیکل رپورٹ آگئی ہے، ایکٹنگ نہ کریں جیل جائیں، اصل ڈاکٹرز کی رپورٹ بتا رہی ہے کہ وہ گندی گفتگو کا ڈاکٹر ڈرامے کر رہا ہے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق شہباز گل بالکل ٹھیک ہیں۔

واضح رہے کہ باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کو وہیل چیئر پر عدالت پیش کیا گیا

شہباز گل کو دو روز قبل عدالت نے جسمانی ریمانڈ دیا تو شہباز گل کی اچانک سے طبیعت خراب ہو گئی اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، شہباز گل دو روز ہسپتال میں رہے، گزشتہ شب میڈیکل بورڈ نے شہباز گل کو فٹ قرار دیا، آج انہیں صبح وہیل چیئر پر عدالت پیش کیا گیا اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنان بھی موجود تھے

شہباز گل کی عدالت پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے،شہباز گل کی ایک ویڈیو عدالت پیشی کے موقع پر کی سامنے آئی ہے جس میں وہ رو پڑے ہیں اور بار بار ماسک مانگ رہے ہیں.

یاد رہے کہ اسلام آباد پولیس نے نو اگست بروز منگل سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گِل کو مبینہ بغاوت پر اُکسانے کے کیس میں گرفتار کر لیا تھا.
شہباز گِل نے بروز 8 اگست پیر کی شام نجی ٹی وی چینل ’اے آر وائی‘ کے ایک پروگرام میں متنازع گفتگو کی تھی جس کی بنیاد پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ دوسری جانب یہ پروگرام نشر ہونے کے بعد پیمرا نے چینل کی نشریات معطل کر دی تھی اور ٹی وی انتظامیہ کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

سرکار کی مدعیت میں اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اپنے بیان کے ذریعے شہباز گل نے ملک میں انتشار پھیلانے، فوج کو تقسیم کرنے، فوجی جوانوں کو اپنے افسران کا حکم نہ ماننے کی ترغیب دینے، فوج کے خلاف عوام کو نفرت پر اکسانے اور پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔

Shares: