شہباز گل کے جسم پر تشدد کے نشانات،وزیرداخلہ پنجاب نے نیا انکشاف کر دیا

صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے راولپنڈی اڈیالہ جیل کا اچانک دورہ کیا.
جیل ریکارڈ میں پی ٹی آئی رہنما اور غداری کے مقدمہ میں زیر حراست ملزم شہباز گل کے جسم پر زخموں کے غیر معمولی نشانات بارے مزید انکشافات سامنے آئے۔

وزیر داخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر نے کہا کہ شہباز گل کو جب جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل لایا گیا تو جیل عملے نے قواعد و ضوابط کے مطابق شہباز گل کا طبی معائنہ کیا۔ معائنے میں شہباز گل کے جسم پر تشدد کے غیر معمولی نشانات ظاہر ہوئے۔

وزیر داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ میڈیکل آفیسر نے ابتدائی معائنہ رپورٹ میں ان نشانات بارے رجسٹر پر اندراج کیا۔ قواعد و ضوابط کے مطابق جیل سپریڈنٹ زخموں کے نشانات بارے سیشن جج اور پولیس کو بتانے کا پابند ہوتا ہے۔اس وقت کے جیل سپریڈنٹ نے تشدد کے نشانات بارے کسی کو مطلع نہ کیا۔ سنگین غفلت پر جیل سپرنٹینڈنٹ اور متعلقہ حکام کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر داخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر کے مطابق تحقیقات کی جائیں گی کہ یہ غفلت تھی یاپھرجیل سپرنٹینڈنٹ نے کس کی ایماء پر ایسا کیا۔ جیل انٹری رجسٹر میں درج معلومات نے ہمارے موقف کو ثابت کیا ہے کہ جیل آمد سے قبل شہباز گل پر تشدد کیا گیا.

Comments are closed.