شہزادہ محمد بن سلمان کا وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو افطار کی خصوصی دعوت

0
152

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو افطار کی خصوصی دعوت دی ہے۔وزیر اعظم ہاؤس کے پریس ونگ کی جانب سے جاری پریس نوٹ کے مطابق وزیر اعظم کے ساتھ سعودی عرب کے دورے پر گئے وفاقی کابینہ کے ارکان اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے افطار پر مدعو کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔ شہباز شریف علامہ اقبال ایئرپورٹ کی کمرشل فلائٹ سے 3 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوئے تھے، شہباز شریف کا وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ترجمان دفترخارجہ نے بتایا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب میں قیام کے دوران وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کریں گے اور مسجد نبویؐ میں نماز ادا کریں گے۔وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ وزیراعظم سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دیں گے۔ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دونوں رہنما علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی گفتگو کریں گے۔ دونوں ممالک کی قیادت برادرانہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند بنانے کے لیے پرعزم ہے۔واضح رہے وزیراعظم کے وفد میں وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیردفاع خواجہ آصف، عبد العلیم خان، عطاء اللہ تارڑ اور احد خان چیمہ شامل ہیں۔

Leave a reply