شہباز شریف نے ن لیگ کی سینئر قیادت کو لندن کس لیے بلا لیا

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے اہم ملکی اور سیاسی معاملات پر اعلی سطح کی مشاورت کیلئے پارٹی کے اہم رہنماؤں کو لندن طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال، ترجمان مریم اورنگزیب، قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف، رانا تنویر اور سابق سپیکر سردار ایاز صادق کو بھی لندن بلا لیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کی بیٹھک میں اہم ملکی اور سیاسی معاملات پر اعلی سطح کی مشاورت ہوگی۔ پارٹی رہنما نواز شریف کی تیمارداری بھی کریں گے۔

اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت کے حوالے سے قانون سازی پر بھی بات چیت ہوگی جبکہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں پر نیب میں مقدمات چل رہے ہیں، نواز شریف کو سات برس کی سزا ہو چکی، شہباز شریف ضمانت پر ہیں، مریم نواز بھی ضمانت پر ہیں، شاہد خاقان عباسی، حمزہ شہباز، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ مختلف کیسز میں جیلوں میں ہیں، احسن اقبال کے خلاف نیب میں تحقیقات جاری ہیں، اب خواجہ آصف کے خلاف تحقیقات کا آغاز ایف آئی اے نے شروع کر دیا ہے.

Shares: