ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ اس شہر کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ جس کو جو کام کرنا چاہئے وہ نہیں کر رہا بلکہ دوسروں پر انگلیاں اٹھا رہا ہے،ہمیں دوسروں کو الزام دینے کے بجائے اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے، یہ شہر ماضی میں تنزلی کا شکار ہوا ہم سے اس کی دیکھ بھال میں کوتاہی ہوئی،جب تک غلطی کا اعتراف نہ ہو بہتری نہیں آسکتی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں بشیر سدوزئی کی کتاب ’’بلدیہ کراچی‘‘ کی تقریب رونمائی سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صدر آرٹس کونسل احمد شاہ، سیکریٹری کلچر سندھ رحیم سومرو، پرنسپل سیکریٹری گورنر سندھ ڈاکٹر سیف الرحمن، رو ٴف اختر فاروقی، پروفیسر توصیف احمد خان، میر حسین علی، احمد چنائے،کتاب کے پبلشرفرید حسین اور دیگر بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا یہ میرا شہر ہے، میں نے یہیں تعلیم حاصل کی، سندھ حکومت کے ساتھ اب میں کے ایم سی کا بھی ترجمان ہوں، شہر کے ساتھ ساتھ کے ایم سی ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے بھی کام کر رہے ہیں،ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن کی ادائیگی کے مسائل حل کرنے ہیں اورسندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت یہ کام کر کے دکھائے گی، انہوں نے کہاکہ فادر آف سٹی کی حیثیت سے شہر کی ترجمانی نہ کرسکوں تو مجھے اس عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے، ہمیں خوف کی فضا سے باہر نکلنے کی ضرورت ہے اور اپنے شہر کے حقوق کے لئے بولنا ہے، عدالت میں یہ بتانے کی کوشش کی کہ کے ایم سی کام کررہی ہے، کے ایم سی کے اثاثے ویب سائٹ پر ڈال دیئے ہیں لوگوں کو معلومات ہوں گی تو پتہ چلے گا کیا کس کے پاس ہے،بہتری لانے کی کوشش کی تو لوگ عدالت چلے گئے، ہم سب بے حس ہوچکے ہیں، کے ایم سی اس بے حسی کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہاکہ پچھلے تین ماہ میں کے ایم سی کے ملازمین کو ایک سمت نظر آئی ہے، کے ایم سی ملازمین میں کام کرنے کی صلاحیت ہے صرف رہنمائی کی ضرورت ہے، مجھے کے ایم سی میں افسران کی ٹرانسفر، پوسٹنگ سے دلچسپی نہیں جو کام کرے گا اسے سپورٹ کروں گا،تبدیلی تیس دن یا تین ماہ میں نہیں آتی اس میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں،ماضی میں جو ہوا،سو ہواآج ہمیں شہر کی بہتری کے لئے مل کر کام کرنا ہے، انہوں نے کہاکہ ہمیں ہمیشہ حق اور سچ بات کرنی ہے، تفریق کی سیاست ختم کرکے اتفاق کی سیاست بحال کریں، مل کرکام کریں گے تو اس شہر میں بہتری آئے گی، درستگی کا عمل ہمارے اپنے اندر سے شروع ہونا چاہیئے، بشیر سدوزئی کو محنت اور جانفشانی سے کراچی کے متعلق کتاب لکھنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی احمد شاہ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کا ہر فرد مرتضی وہاب کو اپنے گھر کا فرد تصور کرتا ہے، امید ہے کہ مرتضی وہاب کراچی کیلئے بہت کام کریں گے، شہر میں بنیادی تبدیلی کیلئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کے پاس بھرپور وسائل ہونا چاہئیں .

Shares: