شہبازشریف نے ادویات سکینڈل کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا
باغی ٹی وی :پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ادویات سکینڈل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے.
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے جو ادویات سکینڈل کی شفاف تحقیقات کرے ،وزیراعظم عمران خان آٹے چینی کی طرح دوائی سکینڈل کے بھی براہ راست ذمہ دار ہیں،بھارت سے ان ادویات کی درآمد کی منظوری کابینہ کے اجلاس میں خود وزیراعظم عمران خان نے دی .جان بچانے والی ادویات کی آڑ میں دیگر ادویات کی بھارت سے درآمد سنگین جرم ہے
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں خدانخواستہ یہ ہوا ہوتا تو عمران نیازی صاحب کی طرف سے اب تک غداری کا مقدمہ درج ہوچکا ہوتا .وزیراعظم عمران خان ہی وزیر صحت بھی ہیں، اربوں روپے کے سکینڈل کا جواب دیں
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کی ادویات کا سکینڈل پہلے بھی آچکا ہے، ملوث وزیر کو عمران خان نے تحفظ اور نیا عہدہ دیا .وزیراعظم کی حیرانگی سے کام نہیں چلے گا، قوم کو لوٹنے والے مجرموں کو کٹہرے میں لایاجائے .جان بچانے والی ادویات پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے ، لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلا گیا








