27 ستمبر کو استاد العلماء، محدث العصر، شیخ الحدیث، حضرت مولانا محمد رفیق اثری رحمہ اللہ علیہ کے انتقال کی دلخراش اور افسوسناک خبر سنی. آپ کی وفات کا سن کر گہرا دلی صدمہ پہنچا. آپ ان چند لوگوں میں سے ایک تھے جن سے مجھے ملنے کی دلی حسرت تھی اور آپ کے انتقال کے ساتھ یہ حسرت، حسرت ہی رہ گئی. آپ سے ملنے سے پہلے آپ خالق حقیقی سے جا ملے.
انا للہ واناالیہ راجعون.
شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد رفیق اثری رحمہ اللہ علیہ 1937ء میں رشیداں والی میں پیدا ہوئے. تقریباً 1850ء میں مولانا عبدالعزیز رحمہ اللہ علیہ کو 1763 سے 1947 تک قائم رہنے والی ریاست پٹیالہ کی طرف سے کچھ رقبہ ملا. آپ عبدالعزیز رحمہ اللہ علیہ نے اس رقبے پر مسجد اور اپنا گھر بنایا، جہاں آپ کے سارے لڑکے آباد ہوئے. اس علاقے میں یہ اولین آبادکاری میں سے ایک تھی. مولانا عبدالعزیز رحمہ اللہ علیہ نے اپنے نام کی مناسبت سے اس جگہ کا نام "عزیز آباد” رکھا. بعد میں کسی وجہ سے اس جگہ کا نام رشیداں والی پڑ گیا اور آج بھی سرکاری کوائف میں اس جگہ نام رشیداں والی ہے. بھارتی پنجاب میں پٹیالہ کے اسی عزیز آباد یا رشیداں والی میں آپ مولانا اثری رحمہ اللہ علیہ پیدا ہوئے. مولانا اثری رحمہ اللہ کی پیدائش سے 87 برس قبل یہ گاؤں آباد ہوا، 1937 میں عزیزآباد کی آبادی دو سو گھرانوں تک پہنچ چکی تھی.
مولانا محمد رفیق اثری رحمہ اللہ علیہ کے خاندان میں اسلام قبول کرنے والے پہلے آدمی کا نام طیب تھا. مولانا کا شجرہ نسب کچھ اس طرح سے ہے.
محمد رفیق بن قائم دین بن علی شیر بن فریدو بن طیب.
آپ کے والد صاحب نے آپکا نام محمد رفیق رکھا. زمانہ طالب علمی میں آپ نے محمد رفیق کے ساتھ اثری کا اضافہ خود کیا. مولانا رحمہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ میرے دادا مرحوم اسی گاؤں "رشیداں والی” میں ہجرت کرکے آئے اور یہیں آباد ہو گئے.
شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد رفیق اثری رحمہ اللہ علیہ کے والد محترم پرچون کی دوکان چلاتے تھے. آپ تین بھائی تھے اور آپ سب سے چھوٹے تھے. سب سے بڑے بھائی رحمت اللہ تھے جو ساتویں جماعت تک پڑھے پھر گھریلوں مسائل کی وجہ سے آگے نہ پڑھ سکے اور ان کی شادی بھی کر دی گئی، یہی بڑے بھائی والد صاحب کے ساتھ دوکان پر بھی بیٹھا کرتے تھے. درمیانے بھائی کا نام سلیم تھا.
برصغیر کی تقسیم کے وقت عزیز آباد میں محض ایک گھر کے علاوہ باقی ساری آبادی مسلمان تھی. تقسیم کے وقت عزیز آباد بھارت کے حصے میں آ گیا اور بھارتی فوج نے زبردستی مسلمانوں سے یہ علاقہ خالی کرواتے ہوئے ساری مسلمان آبادی کو پاکستان ہجرت کرنے پر مجبور کر دیا. تقسیم برصغیر اور ہجرت کے وقت مولانا رحمہ اللہ علیہ کی عمر محض دس سال سے گیارہ سال کے درمیان تھی. آپ اپنے والد محترم اور بھائیوں سمیت خاندان کے ساتھ گنڈا سنگھ بارڈر سے پاکستان میں داخل ہو گئے اور بذریعہ ریل گاڑی لودھراں پہنچے. آپ کے خاندان کو ڈیرہ غازی خان جانے کو کہا گیا. آپ کا خاندان لودھراں سے ملتان آیا اور یہیں رک گیا، کیوں کہ کسی نے بتایا تھا کہ ڈیرہ غازی خان پہاڑی اور بنجر علاقہ ہے. اسی لئے آپ کے والد صاحب نے ڈیرہ غازی خان نہ جانے کا فیصلہ فرمایا. ملتان میں ایک ماہ قیام کے بعد آپ کے والد صاحب کو پتہ چلا کہ جلال پور میں رشیداں والی کے کچھ خاندان آباد ہو چکے ہیں. آپ کے والد صاحب نے جلال پور جانے کا پروگرام بنایا، محض یہ دیکھنے کے لئے کہ جلال پور میں رشیداں والی کے لوگ آباد ہیں یا نہیں. جلال پور جا کر معلوم ہوا کہ واقعی رشیداں والی کے کافی لوگ رہائش پذیر ہیں. آپ کے والد صاحب قائم دین نے جلال پور میں مستقل سکونت اختیار کرنے کا فیصلہ فرمایا.
مولانا عبدالعزیز رحمہ اللہ علیہ کی تبلیغ اور تعلیم سے پورا رشیداں والی اہل حدیث تھا. دارالحدیث رحمانیہ رشیداں والی سے ناظرہ قرآن مجید مکمل کیا اور جب آپ ہجرت کرکے پاکستان آئے تو 29واں اور 30واں پاراں پڑھ رہے تھے یا پڑھ چکے تھے. ابتدائی ایک ماہ آپ دیوبندی مدرسہ میں مولانا نور محمد صاحب سے پڑھتے رہے. بعد میں معلوم کرنے پر آپ کو اہل حدیث مدرسے کا پتہ چلا تو آپ وہاں چلے گئے. آپ نے مولانا حافظ خوشی محمد صاحب سے قرآن مجید مکمل کیا.
لودھراں کے قریب براتی والا کے نام سے ایک جگہ ہے۔ وہاں جلالپور مدرسہ کے فارغ التحصیل مولانا عبدالرحمان صاحب رحمۃ اللہ علیہ تھے. انہوں نے پرائیویٹ سکول بنایا تھا. انکی ترغیب سے محلے اور خاندان کے تقریباً پندرہ لڑکے ان کے پاس چلے گئے. ان لڑکوں میں مولانا اثری رحمہ اللہ علیہ بھی تھے. یہ ان دنوں کی بات ہے جب کشمیر محاذ کھل چکا تھا اور طلبا کو جہاد کی تربیت دی جاتی تھی. آپ نے مولانا عبدالرحمن سے پرائمری تک سکول کی تعلیم، خوشخطی، فارسی کی ابتدائی تعلیم اور جہاد کی تربیت لی. یاد رہے کہ مولانا اثری رحمہ اللہ علیہ خوش خط تھے. اس لیے شیخ محترم محدث جلال پوری سلطان محمود رحمہ اللہ علیہ اثری صاحب سے فتاویٰ جات لکھوایا کرتے تھے. مولانا عطاء اللہ حنیف بھوجیانی رحمہ اللہ علیہ بھی اثری صاحب سے وقتاً فوقتاً مضامین لکھواتے رہتے تھے.
ایک بار مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ علیہ کے سامنے اثری صاحب کا ذکر ہوا تو بھٹی رحمہ اللہ علیہ فرمانے لگے کہ "وہی محمد رفیق جس کی لکھائی بہت اچھی ہے؟”
مولانا عبیداللہ صاحب رحمہ اللہ علیہ اور مولانا ادریس صاحب رحمہ اللہ علیہ دار الحدیث رحمانیہ رشیداں والی کے فضلاء تھے جن کی محنت سے رشیداں والی گاؤں کے لوگوں نے مسلک اہل حدیث قبول کیا. مولانا اثری رحمہ اللہ علیہ کے والد صاحب ان دونوں سے بہت متاثر تھے. اسی وجہ سے آپ کے والد محترم نے خواہش کا اظہار کیا کہ کیوں نہ میری اولاد میں سے بھی کوئی عالم اسلام پیدا ہو چنانچہ مولانا اثری رحمہ اللہ علیہ کو اپنے بھائی کے ساتھ جلال پور مدرسہ میں داخل کروا دیا گیا.
1956 میں آپ فارغ التحصیل ہوئے اور 1954 سے 1956 کی چھٹیوں میں لاہور جا کر جامعہ تقویتہ الاسلام میں مولانا محمد شریف رحمہ اللہ علیہ سے منطق اور فلسفہ کی تعلیم حاصل کرتے رہے. مولانا محمد عبداللہ امجد چھتوی رحمہ اللہ علیہ آپ کے کلاس فیلو ہیں.
مولانا شریف سے مراد مولانا شریف اللہ خان سواتی ہیں. شریف اللہ خان سواتی رحمہ اللہ علیہ جامعہ سلفیہ میں پڑھاتے تھے اور چھٹی کے دنوں میں مولانا داؤد غزنوی رحمۃ اللہ علیہ کے حکم پر تقویۃ الاسلام میں شمس بازغۃ، سلم العلوم، ھدایۃ الحکمۃ اور منطق و فلسفہ کی دیگر کتب پڑھاتے تھے. مولانا محمد رفیق اثری رحمہ اللہ علیہ نے مذکورہ بالا کتب کی تعلیم مولانا سلطان محمود محدث جلالپوری رحمۃ اللہ علیہ سے مکمل کی تھی مگر مولانا شریف اللہ خان صاحب سے دوبارہ پڑھیں.
ایک بار لیبیا سے شیخ عمر صاحب ملتان میں حافظ عبدالمنعم صاحب کے پاس آئے. شیخ صاحب نے کہا کہ مجھے ان پندرہ روایات کی تخریج مطلوب ہے، مجھے کسی عالم کے بارے میں بتاؤ جو یہ کام کرسکے. حافظ عبدالمنعم نے شیخ عمر کو شیخ الحدیث مولانا محمد رفیق اثری رحمہ اللہ علیہ کے پاس بھیج دیا. اثری رحمہ اللہ علیہ نے ان کا کام کردیا اور باتوں باتوں میں کہا کہ مؤطا پر زیادہ کام مغربی علماء نے کیا ہے جو لیبیا اور مراکش وغیرہ میں آباد ہیں. اثری رحمہ اللہ علیہ نے فرمایا کہ "میں نے بھی مؤطا پر کام کیا ہے، میں چاہتا ہوں کہ مجھے کسی مغربی عالم سے سند حاصل ہو.” شیخ نے اثری رحمہ اللہ علیہ کی بات ذہن میں رکھی اور تیونس کے شیخ محمد شاذلی صاحب سے بات کی. شیخ شاذلی نے اثری صاحب کو خط لکھا کہ آپ نے مغربی عالم سے سند کی خواہش کی ہے، میں آپ کو سند دیتا ہوں اور السبت الصغیر کے نام سے آٹھ صفحات میں اپنی سند بھیج دی جو سفیان بن عیینہ رحمہ اللہ تک المسلسل بالاولویۃ ہے. یہ سند پاکستان میں صرف مولانا اثری رحمہ اللہ علیہ کے پاس ہی ہے.
ایک بار آپ مولانا اثری رحمہ اللہ علیہ اپنے اساتذہ کا ذکر فرما رہے تھے اور بتایا کہ حافظ غلام نبی صاحب، حافظ نور محمد صاحب، حافظ خوشی محمد صاحب، مولانا عبدالرحمان صاحب، مولانا شریف اللہ سواتی صاحب اور مولانا سلطان محمود محدث جلالپوری صاحب رحمۃ اللہ علیہم. مولانا عبدالحمید صاحب، مولانا عبدالقادر بہاولپوری صاحب، مولانا عبدالرحیم عارف صاحب، مولانا محمد قاسم شاہ صاحب، مولانا عبدالقادر مہند صاحب، مولانا عبداللہ مظفر گڑھی صاحب اور مولانا عطاء اللہ حنیف بھوجیانی رحمۃ اللہ علیھم میرے اساتذہ میں شامل ہیں.
اولاد میں مولانا رفیق اثری رحمہ اللہ علیہ کے سات بیٹے اور پانچ بیٹیاں ہیں. آپ کے پوتے دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن مجید اور حدیث کی تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں. مولانا اثری رحمہ اللہ علیہ کے نصف درجن نواسے اور پوتے حافظ ہیں. آپ کی باوفا اور باشعار بیوی کا انتقال آپکی حیاتی میں ہو گیا تھا. مولانا محمد رفیق اثری صاحب کی تصانیف کی تعداد 2 درجن سے بھی زیادہ ہے، اس کے علاوہ آپ کافی عربی کتب کا اردو میں ترجمہ بھی کر چکے ہیں. موطا اور مشکوٰۃ کے حواشی لکھے، اسی طرح الفیۃ الحدیث کے حواشی ہیں. مولانا رحمہ اللہ علیہ نے کئی تراجم بھی کیے ہیں. ایک عرب عالِم الشيخ عبدالله بن عبيد کی کتاب هداية الناسك کا مناسک الحج کے نام سے ترجمہ کیا. رؤیت ھلال کے بارے ایک کتاب کا ترجمہ کیا ہے. اسی طرح شرح خطبہ حجۃ الوداع اور بھی کئی چھوٹے بڑے رسالوں کا اردو ترجمہ کر چکے ہیں. مختلف رسائل کی تعدا بہت زیادہ ہے جن آپکا اردو ترجمہ کر چکے ہیں. قاضی ثناء اللہ پانی پتی رحمہ اللہ علیہ کی شیعہ کے بارے ایک السیف المسلول نامی کتاب ہے، یہ کتاب صرف ایک بار ہی دہلی سے چھپی تھی. اس کتاب کی اصل مطبوع نہیں ملی جس کی وجہ سے کافی غلطیاں تھیں، مولانا اثری رحمہ اللہ علیہ نے ان تمام غلطیوں کو درست کرتے ہوئے اس کتاب کا اردو میں ترجمہ کیا.
غالباً 1947 کے اواخر یا 1948 کی شروعات میں مولانا محمد رفیق اثری رحمہ اللہ علیہ نے دارالحدیث محمدیہ جلال پور میں داخلہ لیا. 1956 میں فارغ التحصیل ہوئے اور محدث جلالپوری سلطان محمود رحمہ اللہ علیہ کے حکم پر 1956 سے ہی ادارے میں تدریسی فرائض سرانجام دینا شروع کیے. 2021 میں آخری سانس لینے تک آپ اسی ادارے کے ساتھ منسلک رہے. 1948 سے 1956 تک شعبہ تعلیم کے 8 سے 9 سال اور 1956 سے 2021 تک شعبہ تدریس کے تقریباً 65 سال، علالت اور آخری سانس لینے تک 84 سالہ زندگی کے مجموعی طور پر تقریباً 73 سال دارالحدیث محمدیہ جلال پور کو دئیے.
آپ طویل عرصے سے علیل تھے. آخری چند روز آپ کی علالت میں شدت آ گئی اور آپ سول ہسپتال میں ڈاکٹروں کی زیرنگرانی انتہائی نگہداشت میں تھے. جہاں آپ نے 27 ستمبر کو اپنی زندگی کی آخری سانس لی اور خالق حقیقی سے جا ملے.
اللہ سبحانہ وتعالیٰ مولانا اثری رحمہ اللہ علیہ کے درجات بلند فرمائیں، اگلے تمام معاملات اور مراحل آسان ترین فرمائیں اور جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائیں.
آمین، ثم آمین.
سبحانک اللھم وبحمدک اشھد ان لا اله الا انت استغفرک و اتوب الیک.
@mian_ihsaan