شہداء کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

0
126

شہداء کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا.ایف آئی اے سائیبر کرائم ونگ کی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے.
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائم ونگ ایف آئی اے محمد جعفر 4 رکنی ٹیم کی قیادت کریں گے.

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائمز ونگ میں ہیلی کاپٹر حادثے سے متعلق سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے سے متعلق انکوائری رجسٹرڈ کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ڈی جی سائبرکرائمز محمد جعفر کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم قائم کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم میں ڈائریکٹر آپریشنز وقار چوہان، ایڈیشنل ڈائریکٹرایاز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرعمران حیدر شامل ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہدا ء کا تمسخر اڑانے والوں کا شدت سے احتساب ضروری ہے، ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد شہدا ء اور انہیں برا بھلا کہنے کی سوشل میڈیا پر خوفناک مہم چلائی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی سائٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہدا کی قربانیوں کا تمسخر اڑانے والے کا عمل قابل افسوس اور قابل مذمت ہے، ایسے لوگوں کا احتساب بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء کی قربانیوں کا تمسخر اڑانےاور انہیں برا بھلا کہنےکی سوشل میڈیامہم صرف شرمناک ہی نہیں خوفناک بھی ہے۔ متکبر اور منافقانہ سیاسی نظریےکا یہی نتیجہ ہےکہ یہ کم سن ذہنوں میں زہرگھول کربد تہذیبی کوترویج دیتا ہے.

وزیراعظم نے سوال کیا کہ ’آخرہمارا معاشرہ کس سمت جا رہاہے؟ ہمیں شدت سےخوداحتسابی کی ضرورت ہے.واضح رہے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے پر سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کی مالی سرپرستی کی جاتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد منفی سوشل میڈیا مہم کے باعث شہدا کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی جس پر شہدا کے خاندانوں اور افواج پاکستان کےرینک اینڈ فائل میں شدیدغم وغصہ اوراضطراب ہے۔

ہیلی کاپٹر میں سوار کور کمانڈر کوئٹہ سمیت تمام افراد شہید ہو گئے: آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس مشکل اور تکلیف دہ وقت میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی تھی لیکن کچھ بےحس حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پرتکلیف دہ اورتوہین آمیز مہم جوئی کی گئی، یہ بے حس رویے ناقابل قبول اور شدید قابلِ مذمت ہے۔

دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ صدرمملکت پاک فوج کے شہدا کے جنازوں میں شرکت کرنا چاہتے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پرپی ٹی آئی ٹرولرز کے زہریلے، جھوٹے اور منفی پروپیگنڈے پرصدرمملکت کو فیڈ بیک دیا گیا اور صدرکوبتایاگیا کہ پی ٹی آئی ٹرولرز نے شہدا سے متعلق زہریلا، جھوٹا اور منفی پروپیگنڈا کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لسبیلہ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے دوران لاپتہ ہوگیا تھا۔کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسیٰ گوٹھ سے ملا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا جس کے باعث ہیلی کاپٹر میں سوار کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔

ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے منفی مہم چلائی گئی تھی جس کی پاک فوج نے شدید مذمت کی ہے۔

Leave a reply