سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا تحصیل پسرور کا دورہ، صفائی ستھرائی اور صحت کے منصوبوں کا جائزہ

سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے تحصیل پسرور کا دورہ کیا اور کلاسوالہ میں ستھرا پنجاب کے تحت صفائی ستھرائی کے آپریشن کے ساتھ ساتھ دیہی مرکز صحت کلاسوالہ کی ری ویمپنگ کے منصوبے پر جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور قمر منج بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیالکوٹ سالڈ مینجمنٹ کمپنی کی زیر نگرانی ضلع سیالکوٹ کے شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کا یکساں نظام مکمل طور پر آؤٹ سورس کردیا گیا ہے۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کے نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ کنٹریکٹر کو معاہدہ کے مطابق ہیومن ریسورس اور مشینری فراہم کرے تاکہ میدان میں موجودگی کو یقینی بنایا جا سکے اور صفائی کے آپریشن کا دائرہ وسیع ہو۔

ڈپٹی کمشنر نے بلک ویسٹ (روڑیوں) کو ختم کرنے کی ہدایت کی اور اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ دوبارہ بلک ویسٹ جمع نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ دیہات میں ویسٹ کلیکشن کے لئے ٹمپریری کلیکشن پوائنٹس (ٹی سی پی) قائم کیے جائیں تاکہ وہاں جمع کیا جانے والا ویسٹ لینڈ فل سائیٹ پر منتقل کیا جا سکے اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ڈمپ کیا جائے۔ اس کے علاوہ، ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر کو صفائی کے نظام کی سپر ویژن کی ہدایت دی۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنر صفائی کے نظام کی نگرانی کریں اور اس کی بہتری کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے رورل ہیلتھ سنٹر کلاسوالہ کی ری ویمپنگ منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور کام کی رفتار و معیار کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ، ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا بھی معائنہ کیا اور سٹاف کی حاضری چیک کی۔

قبل ازیں، ڈپٹی کمشنر نے تحصیل کوارٹر ہسپتال پسرور اور گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سنٹر پسرور کا بھی معائنہ کیا۔ ان دوروں کے دوران، انہوں نے سہولتوں اور خدمات کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔

Comments are closed.