سیالکوٹ: گزشتہ روز لاپتہ ہونے والی بچی کی لاش مل گئی،ریپ کےبعد قتل کیا گیا ۔اطلاعات کے مطابق پولیس نے بچی سے زیادتی اورقتل کے شبے میں ایک لڑکے کو حراست میں لے لیا۔

ٹیوشن کے لئے گھر سے نکلی سات سالہ بچی واپس نہ لوٹی مگر ایک دن بعد محلے کے خالی گھر سے لاش برآمد ہوئی۔ قتل کا یہ واقعہ سیالکوٹ کے علاقے گھوئنکی میں پیش آیا۔

 

بچی کے اغوا کا مقدمہ گزشتہ روز تھانہ موترہ میں درج کیا گیا تھا۔ بچی کے والد نے بتایا کہ میری بیوی پریشان تھی۔ ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت بچی تلاش کی۔ پھر پولیس سے رابطہ کیا اس نے رات کو گھر گھر تلاشی لی۔ ایک گھر سے بچی مردہ حالت میں ملی۔ ہمیں انصاف چاہیے۔ والدہ کا کہنا ہے کہ حکومت ہمیں انصاف دلائے۔

پولیس نے بچی سے زیادتی اور قتل کے شبے میں ایک لڑکے کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی جبکہ وزیر اعلی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کر لی ہے۔

Shares: