کراچی :سندھ حکومت نے علمائےکرام سے مدد کی اپیل کردی ،اطلاعات کےمطابق سندھ حکومت نے علمائے کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماہ رمضان میں مساجد میں عبادات کے حوالے سے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔

کراچی میں سعید غنی اور امتیاز شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات اور مذہبی امور ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پہلےبھی علماء کی مشاورت سے فیصلے ہوئے، اب بھی چاہتے ہیں کہ علمائے کرام کی مدد سے فیصلے کیے جائیں۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ایک طرف سے کاروباری لوگوں کو اکسایا جارہا ہے، تاجر ہمارے بھائی ہیں اور ان کا بے حد احترام ہے،تاجروں کے لیے ریلیف دینے کا پلان بنا رہے ہیں اور تاجروں کو سود سے پاک قرضوں کے لیے وفاق کو کہا بھی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت میں کچھ ایسے لوگ ہیں جن کی فضول باتوں کا جواب نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، پشاور میں دکانیں کھولنے پر فائرنگ کی گئی لیکن صرف سندھ حکومت کوتنقید کا نشانہ کیوں بنایاجاتاہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ علمائے اکرام سے دوبارہ رابطہ کریں گے اور انہیں ڈاکٹرزکے خدشات سے آگاہ کریں گے، ہم ابھی تک صدر مملکت کے علماء کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر قائم ہیں۔

Shares: