سندھ پیرامیڈیکل اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) نے ادویہ ، ویکسین چوری میں ملوث افراد کے خلاف آڈیو، وڈیو اور کاغذی ثبوت و شواہد کے ساتھ وائٹ پیپر کا اجراء کرنے کا اعلان، مرکزی صدر اخلاق احمد خان کی کردار کشی کرنے کی مذمت، تفصیلات کے مطابق سندھ پیرامیڈیکل اسٹاف کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید اسلام الدین شاہ ،مرکزی چیئرمین ، عبدالطیف اوٹھو، مرکزی سینئر نائب صدر مظہر علی عباسی کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے سندھ پیرامیڈیکل اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) کی ساکھ کو بدنام کرنے اور مرکزی صدر اخلاق احمد خان کی کردار کشی کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور اس کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور کرمنل ایلیمنٹ کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، سندھ پیرامیڈیکل اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن گزشتہ تین دہائیوں سے سندھ بھر کے ہیلتھ ملازمین کے حقوق کے حصول کی جنگ لڑرہی ہے اور اس تنظیم میں جرائم پیشہ افراد کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے، ماضی میں شرپسند عناصر نے تنظیم میں شامل ہو کر تنظیمی سائبان حاصل کرکے جرائم میں ملوث ہونا چاہا تو ایسوسی ایشن کی اعلیٰ قیادت نے ایسے جرائم پیشہ عناصر کو تنظیم کی بنیادی رکنیت سے خارج کردیا جس کے بعد وہ کالی بھیڑیں مختلف ٹولوں/ گروہوں میں شمولیت اختیار کرکے اسٹیبلشمنٹ کی آلہ کار بن گئیں اور آج بھی چند سکوں کی عوض اپنے حلف اور ضمیر کا سودا کررہی ہیں ۔
تاریخ کے اوراق گواہ ہیں کہ ماضی میں سیاسی مقامروں نے اپنی کٹھ پتلیوں کے ذریعے سندھ پیرامیڈیکل اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) کے نمائندگان پر متعدد مرتبہ تہمتیں لگائیں لیکن انہیں منہ کی کھانی پڑی ، آج تاریخ اپنے آپ کو دہرارہی ہے ، سندھ پیرامیڈیکل اسٹاف سے نکالے گئے عناصر چہروں کی تبدیلی کے ساتھ پھر انتظامیہ اور سیاست کا حق نمک ادا کررہے ہیں، واضح رہے کہ اخباری تراشوں کے ذریعے سوشل میڈیا پر سندھ پیرامیڈیکل اسٹاف اور مرکزی صدر اخلاق احمد خان کے نام سے منسوب خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ انتظامیہ کی جانب سے ادویہ ، ویکسین کی چوری میں ملوث اعلیٰ افسران کو تبادلوں کا سائبان فراہم کرکے انہیں بچانے کا شاخسانہ ہے جو شدید قابل مذمت ہے کسی جرم میں ملوث فرد کے ذاتی معاملے کو ایسوسی ایشن یا ایسوسی ایشن کے کسی نمائندے سے منسوب کرنا قطعی غیر اخلاقی اور غیر قانونی عمل ہے سندھ پیرامیڈیکل اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) کا ایسے عناصر سے کوئی تعلق نہیں ہے خواہ وہ ایسوسی ایشن کا نمائندہ ہی کیوں نہ ہو اگر وہ کرمنل ایکٹیوٹی کا حصہ ہے تو وہ سزا کا مستحق ہے کیوں کہ اس فلاحی نظریاتی ایسوسی ایشن میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے ، سندھ پیرامیڈیکل اسٹاف کی اعلیٰ قیادت ان تمام محرکات کا جائزہ لینے کے بعد ادویہ ، ویکسین کی چوری اور خرد برد میں ملوث افراد کے خلاف آڈیو، وڈیو اور کاغذی ثبوت و شواہد کے ساتھ وائٹ پیپر کا اجراء کرے گی اور مرکزی صدر اخلاق احمد خان کی کردار کشی کرنے پر ذمہ داروں کیخلاف قانونی چارہ بھی کرے گی۔

سندھ پیرامیڈیکل اسٹاف کا ادویہ چوری میں ملوث افراد کے ثبوت منظر عام لانے کا فیصلہ
Shares: