سوجا اور دوریاں کے نام سے دو میوزک ویڈیوزریلیز کرنے والے گلوکا علی چانڈیو نے اپنی نئی میوزک ویڈیو خواب ریلیز کردی ہے، میوزک ویڈیو ’خواب‘ کے بول علی چانڈیو نے میوزک اسٹیشن پروڈکشن کے تعاون سے لکھے اور گائے ہیں، میوزک ویڈیو میں پاکستان کی ابھرتی ہوئی معروف ماڈل انوشے بلال بھی اپنے فن کا مظاہرہ کررہی ہیں۔ خواب ایک مدھر پنجابی شاعری پر مبنی گیت ہے جو محبت کی خوبصورت یادوں اور کبھی نہ ختم ہونے والے خوابوں کے سلسلے کے پس منظر پر ترتیب دیا گیا ہے۔ یہ گیت ’محبت کرنے والوں کیلئے ہے‘ ، خواب کے بول بے انتہا محبت کی کیفیت کا اظہار کرتے ہوئے خواہ وہ کھلی آنکھوں سے ہو یا گہری نیند میں جو بالآخر عاشق پر لاشعوری طور پر غالب آجاتا ہے یہاں تک کہ اس کا محبوب اس کے وجود میں سرایت کر جاتا ہے ۔ یہ دھن ایک رومانوی گیت ہے، جس میں دلچسپ دیسی ریپ کے ساتھ ایک دلکش میوزک ویڈیو شامل ہے۔
نئی دھن پر بات کرتے ہوئے علی چانڈیو کا کہناہے کہ خواب ہمارے اندونی خیالات، جذبات اور احساسات کی عکاسی کرتے ہیں جو اکثر باقی دنیا سے چھپے رہتے ہیں۔ ’خواب‘ اپنے محبوب سے بے انتہا محبت کا اظہار ہے جو آپ کوخوابوں کو پورا کرنے کے قابل بناتا ہے۔ خواب کی میوزک ویڈیو عمران شیراز اور فراز حسن نے ڈائریکٹ کی ہے جبکہ اس کی آڈیو پروڈکشن زید خان نے کی ہے۔ اس ویڈیو کو ملک بھر میں سائلنٹ رور پروڈکشنز نے ڈسٹریبوٹ کیا ہے۔