سوڈان میں بغاوت کی کوشش ناکام، فوج نے جرنیل، کئی سرکاری افسران اور سیاستدان دھر لیے
سوڈان کی فوج نے کہ خرطوم میں بغاوت کی ایک سازش کو ناکام بناتے ہوئے ایک فوجی جرنیل سمیت کئی سینئر فوجی افسران کو حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوڈان کی سرکاری نیوز ایجنسی نے فوج کے حوالے سے بتایا کہ جنرل ہاشم عبد المطلب احمد اور کئی اعلیٰ عہدوں پر فائز فوجی افسران نے محکمہ قومی سراغرسانی اور سیکیورٹی سروس، اسلامی تحریک اور نیشنل کانگریس پارٹی کے رہنمائوں کے ساتھ مل کر بغاوت کی منصوبہ بندی کی۔فوج کے مطابق "بغاوت میں ملوث افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ ان کو قانون کے شکنجے میں لایا جا سکے۔”
فوجی بیان میں کہا گیا کہ "اس ناکام بغاوت کا مقصد نیشنل کانگریس کے دور اقتدار کی واپسی اور سوڈانی عوام کی امنگوں کے برعکس فسویلین ریاستی نظام کے سیاسی حل کو ناکام بنانا تھا۔”
یاد رہے کہ سوڈان کی عسکری کونسل اور مظاہرین کے اتحاد کے درمیان اقتدار کی شراکت داری کا ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت تین سال تک باہمی افہام وتفہیم سے نظام حکومت چلایا جائے گا اور اس کے بعد عوامی امنگوں کی ترجمان حکومت کے انتخاب کے لئے قومی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔