شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام شیخوپورہ میں فلسطین کی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ ریلی کمپنی باغ سے شروع ہو کر ریلوے روڈ سے ہوتی ہوئی یادگار چوک جناح پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ اورڈی پی او شیخوپورہ غلام مبشر میکن نے کی۔ ریلی میں افسران ،صدر پریس کلب مبشر حسن بٹ، جنرل سیکرٹری رانا محمد عثمان، ملازمین و سول سوسائٹی اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے شرکت کی۔
ریلی میں وکلاء، صحافیوں ، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ ریلی کے شرکاءنے مختلف پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کی تحاریر درج تھیں۔ ریلی کے شرکاءنے اسرائیلی مظالم کے خلا ف شدید نعرے بازی کی اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی بر بریت کا نوٹس لے کر فلسطینی عوام کا تحفظ کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے قبلہ اول اور بیت المقدس فلسطین کی آزادی کے لئے ہر پلیٹ فارم سے آواز بلند اور ہر ممکن جدوجہد کی جائے گی۔ پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے، مظلوم فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اسلامی ممالک کے سر براہان اور اقوام عالم سے رابطے میں ہیں اور یہ بات واضع ہے کہ فلسطین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
ڈی پی او شیخوپورہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں معصوم بچوں اور خواتین کو بے دردی سے شہید کیا جا رہا ہے ۔ اقوام عالم فلسطین میں اسرائیلی مظالم کا فوری نوٹس لے۔ صدر پریس کلب مبشر حسن بٹ نے کہا کہ ہم اسرائیل کو یہ بات واضع کر دینا چاہتے ہیں کہ ہمیں مذمت کے ساتھ ساتھ مرمت بھی کرنا آتی ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ فیصل جاوید نے کہا کہ اسرائیل کے جنگی عزائم اب دنیا پر واضع ہو چکے ہیں اورقبلہ اول کے تحفظ کے لئے مسلمان اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں ۔ پاکستان کی حکومت مظلوم فلسطینی عوام پر ظلم کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کر رہی ہے ہم فلسطین پر ظلم کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ ریلی کے اختتام پر بیت المقدس اور قبلہ اول کی حفاظت اور فلسطینی عوام کو فتح اور نصرت کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ ریلی کے دوران کورونا ایس او پیز کے تحت ماسک پہن کر شرکت کی اور سماجی فاصلوں کی خیال رکھا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے علماءکرام اور مشائخ سے اپیل کی کہ آج جمعتہ المبارک کا با برکت دن ہے۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران فلسطینیوں کی آزادی کے لئے خصوصی دعاﺅں کا اہتمام کریں