صوبائی حکومت سندھ میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے،عمران قریشی

0
33

تحریک انصاف ضلعی صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سندھ میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ مہنگائی کے باعث غریب عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے، وفاقی حکومت پر تنقید کرنے والے پیپلزپارٹی کے حکمران خود نہ تو مہنگائی پر قابو پاسکے ہیں اور نہ ہی عوام کو سہولتیں فراہم کررہے ہیں، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ادارہ شماریات کی مہنگائی سے متعلق رپورٹ کے مطابق کراچی میں اشیائے ضروریہ کی 91فیصد قیمتیں زیادہ وصول کی گئیں اس طرح روزمرہ استعمال کی اشیاء سرکاری نرخ کے مقابلے میں 39فیصد فروخت کی گئیں۔
کراچی میں 20کلو آٹا کی قیمت سرکاری قیمت کے مقابلے میں 343 روپے، دودھ 65 روپے، چینی 25روپے، بڑے کا گوشت 291 روپے، ٹوٹا چاول 50 روپے، پیاز اور آلو 4 روپے مہنگے فروخت کئے گئے۔
یہ رپورٹ صوبائی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے جو صرف لوٹ مار میں مصروف ہے اور غریب عوام کو اس نااہل حکومت نے لٹیروں اور منافع خوروں کے رحم وکرم پر چھوڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں ضلعی سطح کی انتظامیہ عوامی مفاد میں کام کرنے کے بجائے پیپلزپارٹی کے حکمرانوں کی کمداری میں مصروف ہے۔

جس کی وجہ سے عوام کو ہر سطح پر مہنگائی، رشوت ستانی اور دیگر مسائل سے نبرد آزما ہونا پڑرہا ہے۔ عوام کے مسائل سننے کیلئے کوئی بھی تیار نہیں ہے، انہوںنے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور غریب عوام کو ریلیف دیا جائے۔

Leave a reply