لاہور:پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی لیبارٹریوں اور کولیکشن سنٹرزکی سپیشل انسپیکشنزجاری،25کی چیکنگ،سات کو سربمہر کر نے کے علاوہ 15کو ہدایات پر عدم عملدرآمد کے سبب نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیتھالوجسٹ اور مستند عملہ کی عدم تعیناتی،بغیر رجسٹریشن کام کر نے،کولیکشن سنٹر پر ٹیسٹ کرنے،مین لیب کو نمونے نہ بجھوانے،بغیر منظوری کورونا کے تشخیصی نمونے لینے اور ٹیسٹ کر نے پر بھی لیبارٹریوں اور کولیکشن سنٹرز کو سیل کیا گیا ہے،
جن میں شہر کی لاہور ہیلتھ کیئر لیب،چغتائی پلس لاہور لیب اینڈ کولیکشن سنٹر،مسلم لیب،فاطمہ لیب، حسن لیبارٹری،ڈاکٹرز لیب کولیکشن سنٹر، اتفاق ہسپتال کولیکشن سنٹراینڈ حمیدلطیف ہسپتال کولیکشن سنٹر شامل ہیں۔ مزید برآں شیڈویل کے مطابق پیتھالوجسٹ کی عدم موجودگی،کوالٹی اشورینس ناپید ہونے اور فضلہ جات کو درست طریقہ سے ٹھکانے نہ لگانے پر 16لیبز اور کولیکشن سنٹرزکو نوٹسز جاری کر دے گئے ہیں۔
انووا لیب اینڈ ڈائگناسٹک سنٹر،طارق ڈائگناسٹک سنٹر،سلمان چغتائی لیب اینڈ کولیکشن سنٹر،بائیو ٹیک لیبارٹری اینڈ ریسرچ سنٹر،پرائیڈ لیب،یونیورسٹی آف لاہور ٹیچنگ ہسپتال ڈائگناسٹک سنٹر،اے کے لیبارٹری،ہارمون لیب،لیوارٹیس پیتھالوجی لیب،ہائی وژن لیب،سنٹرل لیب،نہال ڈائگناسٹک سنٹر،میزان لیب،ملٹی کیئر لیبارٹریز،الفیصل لیب اور ماڈل لیب اینڈ ڈائگناسٹک سنٹرکو نوٹسزمیں ہدایات دی گئی ہیں کہ معیارات پر عمل درآمدکو یقینی بنایا جائے۔ترجمان کے مطابق کمیشن سپیشل انسپیکشنزکو جاری رکھا جائے گا اور دوسرے شہروں میں بھی وقتاًفوقتاً چیکنگ کی جائے گی۔








