پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل عائزہ خان کا کہنا ہے کہ سری دیوی ایک ماں اور اداکارہ ہونے کی حیثیت سے میرے لیے مثال ہیں۔
باغی ٹی وی : اداکارہ عائزہ خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی اور بھارتی اداکارہ سری دیوی کی تصاویر شیئر کیں یہ تصاویر عائزہ کے نئے پراجیکٹ ’گیتی‘ کے سیٹ پر لی گئی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عائزہ خان نے سری دیوی کی ساڑھی جیسی پیلے رنگ کی ساڑھی زیب تن کر رکھی ہے۔
عائزہ خان نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’گیتی سری دیوی کے روپ میں۔
عائزہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اداکارہ سری دیوی کی ایک یادگار تصویر بھی شیئر کی جس میں سری دیوی پیلے رنگ کی ساڑھی پہنے رقص کرتے نظر آرہی ہیں۔
عائزہ خان نے لکھا کہ میری بہت سی پسندیدہ اداکاراؤں میں سری دیوی سرفہرست ہیں اور ہمیشہ رہیں گی، افسوس ہوتا ہے کہ وہ بہت جلد ہمیں چھوڑ کر اس دنیا سے رخصت ہوگئیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ بحیثیت ایک اداکارہ اور ماں، سری دیوی میرے لیے ایک متاثر کن شخصیت ہیں، میں اس پروجیکٹ کا حصہ بننے پر انتہائی خوش ہوں جس نے مجھے پسندیدہ اداکاراؤں سے مشابہت رکھنے کا موقع فراہم کیا۔ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا اور نہ ہی اس بارے میں سوچا تھا کہ میں ایسا بھی کر سکتی ہوں۔
واضح رہے کہ عائزہ خان کو پاکستان شوبز انڈسٹری میں ایک خاص مقام حاصل ہے عائزہ خان بہت کم تنقید کا نشانہ بنتی ہیں اسی لئے مداحوں کی جانب سے عائزہ خان کو ایک سلجھی ہوئی، خوبصورت، باوقار اور سنجیدہ اداکارہ قرار دیا جاتا ہے۔