این سی بی نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری کے معاملے پر تفتیش کرنے کے لیے اداکار کے ڈرائیور کو بھی طلب کرلیا ہے۔
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان کے منشیات برآمدگی کیس میں تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے اور اب اس کیس میں پوچھ گچھ کے لیے شاہ رخ خان کے ڈرائیور کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق این سی بی نے اداکار شاہ رخ خان کے ڈرائیور سے پوچھ گچھ کی ہے تاکہ اس بات کا پتہ لگایا جاسکے کہ آریان خان کے ماضی میں کہیں منشیات کی خریداری کے لیے کہیں کوئی تعلقات تو نہیں رہے۔
این سی بی نے شاہ رخ خان کے ڈرائیور کو تفتیش کے لیے طلب کرنے کا فیصلہ ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ آر ایم نیرلیکر نے آریان کی درخواستِ ضمانت مسترد کرنے کے بعد کیا۔
خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ایک کروز پر پارٹی کے دوران چھاپہ مارا تھا اور آریان خان سمیت 18 افرد کو حراست میں لیا تھا آریان خان پر این سی بی نے منشیات کے استعمال کا الزام لگایا تھاجس کا آریان نے اعتراف کرلیا تھا-
مذکورہ کیس میں شاہ رخ خان کے بیٹے کا پہلے 1روز پھر 3 روز اور آخر میں 14 روزہ ریمانڈ منظور کیا گیا جمعہ کے دن ممبئی کی مقامی عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں آریان خان اور دیگر 2 افراد کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کی تھیں –