سٹیٹ بینک نے شرح سود میںمزید کمی کردی
سٹیٹ بینک نے شرح سود میںمزید کمی کردی
باغی ٹی وی :کورونا وائرس کے پیش نظر ضروری مشینری اور دیگر چیزوں کی درآمد میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں مزید ڈیڑھ فیصد کمی کردی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری اعلامیہ کے مطابق کمی کے بعد شرح سود 11 فیصد پر آگئی ہے.اس سے قبل اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں 0.75 فیصد کمی کردی تھی جس کے بعد شرح سود 13.25 فیصد سے کم ہوکر 12.50 ہوگئی تھی۔
ادھر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو مالی تعاون کی پیشکش کردی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 35 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا جبکہ عالمی بینک نے بھی 18 کروڑ 80 لاکھ ڈالر دینے کی پیشکش کر دی ہے۔پاکستان اور عالمی مالیاتی اداروں کے درمیان معاہدے جلد متوقع ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے فنڈز این ڈی ایم اے کے ذریعے خرچ کیے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اے ڈی بی کی طرف سے پانچ کروڑ ڈالر فوری جاری ہونے کا امکان ہے۔