اقبال اسٹیدیم فیصل آباد میں کھیلا گیا نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ بلے بازوں کے نام رہا ،

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری 10 روزہ ایونٹ میں674 مرتبہ گیند باؤنڈری کے باہرگئی۔ جس میں 484 چوکے اور 190 چھکے شامل تھے۔190 میں سے 30 فیصد چھکے ناردرن کے بلے بازوں نے جڑے، جس میں مڈل آرڈر بلے باز آصف علی نے مرکزی کردار ادا کیا۔ انہوں نے ناردرن کی جانب سے لگائے گئے 56 میں سے 19 چھکے جڑے۔آصف علی نے ایک اننگز میں 10 چھکے لگائے۔

ایونٹ کی رنرزاپ ٹیم بلوچستان نےسب سے زیادہ 109 ،چوکے لگا ئے۔ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کےدوران 18 میچوں میں 5448 رنز اسکور کیے گئے، جس میں 26 نصف سنچریاں اور 2 سنچریاں شامل تھیں۔ ایونٹ کی دونوں سنچریاں سنٹرل پنجاب کے بلے بازوں کے نام رہیں، جس میں بابراعظم اور احمد شہزاد کے نام شامل ہیں۔

محمد عامر، سہیل تنویر، حارث رؤف، موسیٰ خان، عماد وسیم اور شاداب خان کی موجودگی میں ناردرن کے پاس ایونٹ کی سب سے مضبوط باؤلنگ لائن اپ تھی، جنہوں نے ایونٹ میں 59 بار حریف کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ایونٹ میں کل 221 وکٹیں گریں۔

Shares: