سٹاک مارکیٹ سے پھر مایوسی والی خبر
باغی ٹی وی : پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل مندی نے ڈیرے ڈال لیے، رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران 204.32 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال چھائی ہوئی ہے، کاروبار کا آغاز منفی انداز میں ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں 43.34 پوائنٹس کی تنزلی دیکھی گئی۔ تاہم اس دوران تیزی کی واپسی ہوئی اور ایک موقع پر انڈیکس 46 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر کے 46047.56 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
تاہم کاروبار کے اختتام تک یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور 100 انڈیکس 204.32 پوائنٹس کی مندی کے بعد 45726.68 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.44 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جبکہ 28 کروڑ 51 لاکھ 41 ہزار 893 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 30 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔








