سنت ابراہیمی کا حقیقی فلسفہ اللہ تعالیٰ کی ہر حال میں اطاعت ہے : مفتی محمد فیض احمد قادری

0
24

کراچی : سنت ابراہیمی کا حقیقی فلسفہ اللہ تعالیٰ کی ہر حال میں اطاعت ہے،دوسری جانب راضی بہ رضاکے ساتھ ساتھ والد کی فرمانبرداری کا عظیم الشان مظاہرہ ہے جو ان لوگوں کے لئے لمحہء فکریہ ہے جن کے والدین اولاد سے بات کرنے کو ترستے ہیں اور بیٹاقیمتی ترین بیل خرید کر قربانی کرتاہے۔یہ باتیں جماعت غوثیہ اہلسنّت پاکستان کے امیر مفتی محمدفیض احمدقادری نے دارالعلوم غوثیہ طفیلیہ گلفشاں سوسائٹی عظیم پورہ،شاہ فیصل کالونی میں اجتماعی قربانی کے گوشت کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

انہوں نے کہاکہ قربانی عاجزی اور انکساری کا درس دیتی ہے، سنت ابراہیمی کا مقصد صرف اورصرف اللہ کی خوشنودی کے لئے اپنی پسندیدہ اور عزیز ترین شے کو قربان کردینا ہے۔قربانی کے گوشت پر غریب اور نادار افراد کا حق ہے، گوشت کی تقسیم سے ہی سنت ابراہیمی کا حق ادا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ گوشت کی منصفانہ تقسیم سے حقوق العباد بھی ممکن ہے۔مخیر حضرات سفید پوش خاندانوں کا خصوصی خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان آنے سے عوام فاقوں پر مجبور ہوچکے ہیں۔ کرپشن کے خاتمے کے بعد ہی خوشحالی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر عید گاہیں کچرا کنڈی کا منظر پیش کرتی ر ہیں،عید سے پہلے ہونے والی بارشوں کے پانی کی نکاسی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے متبادل مقامات پر عیدالاضحی کی نماز اداکی گئی،دوسری جانب علاقوں میں جمع پانی سے عوام پریشان ہیں اورحیرت کی بات ہے کہ کوئی پرسان حال نہیں ہے۔عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت تھی لیکن اداروں نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت فوری طور پر مہنگائی میں کمی لائے تاکہ غریب عوام کو ریلیف مل سکے،موجودہ دورمیں بدترین اور ہوش ربا مہنگائی عوام پر عذاب بن کر نازل ہوئی ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے جرائم میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ عوام غربت کے ہاتھوں تنگ آکر خودکشی پر مجبور ہیں ایسے میں حکومت کوچاہئے کہ غریب عوام کی داد رسی کے لئے فوری طور پر پیکیج کا اجراء کرے۔

Leave a reply