سپر ہائی وے، گتے کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی
سپر ہائی وے بقائی اسپتال کے قریب گتے کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائربریگیڈ کے مطابق سپر ہائی وے بقائی اسپتال کے قریب گتے کی پیکنگ کے گودام میں آگ لگ گئی تھی، آگ کی اطلاع ملتے ہی رینجرز کے اہلکار اور فائربریگیڈ کے 2 فائرٹینڈرز آگ بجھانے کے لئے موقع پر پہنچ گئے، کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد فائربریگیڈ کے اہلکاروں نے کے ایم سی کے 5 اور بحریہ ٹاؤن کے 1 فائرٹینڈر کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا تاہم کچھ دیر بعد گودام میں رکھے ہوئے گتے میں دوبارہ آگ بھڑک اٹھی فائرآفیسر مبین احمد نے بتایا کہ اس موقع پر مزید 3 فائرٹینڈر اور واٹر ٹینکر پانی لے کر موقع پر پہنچ گئے جبکہ بحریہ ٹاؤن کا بھی 1 فائرٹینڈر آگ بجھانے کے لیے پہنچ گیا جنہوں نے تھوڑی دیر کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، آگ بجھانے کے دوران پانی کی کمی کا سامنا تھا جس کے باعث گودام میں دوبارہ آگ بھڑک اٹھی۔