ساہیوال:تھانہ فتح شیر کی حدود میں عوام ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر پولیس کا کردار بھی مشکوک
ساہیوال(نمائندہ باغی ٹی وی)تھانہ فتح شیر کی حدود میں جرائم کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری،ڈکیتی کی ان گنت وارداتیں،پولیس مجرموں کو پکڑنے کی بجائے مقدمات درج نہ کرکے تحفظ فراہم کرنے لگی
عوام میں شدید بے چینی اور عدم تحفظ کا احساس پیدا ہونے لگا
تفصیلات کے مطابق تھانہ فتح شیر کی حدود میں جرائم کا نہ تھمنے والا سلسلہ اس قدر جاری ہے گویا اس علاقے کو جرائم پیشہ افراد نے اپنے لیے جنت سمجھ لیا ہو،عام اور معمولی نوعیت کے جرائم تو ایک طرف دن دیہاڑے اور بھرے بازار میں ڈکیتیوں کا ہونا عام سی بات اور روزمرہ کا معمول ہے،گزشتہ چند دنوں میں کئی ایسی وارداتیں ہوچکی ہیں جن میں شہریوں کو جان بچانے کی خاطر اپنے قیمتی سامان سے محروم ہونا پڑا ہے،
ایسی ہی ڈکیتی کی دو واردتوں میں تاجر ہزاروں روپے نقدی سے ہاتھ دھو بیٹھے،مسٹر کیمسٹ فارمیسی داؤد چوک اور المنصور فارمیسی واقع مشن چوک سے موٹر سائیکل سوار ڈاکو ہزاروں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے،حیرت کی بات ہے دونوں وارداتیں نہ صرف قریب قریب کے مختصر دورانیے اور اوقات میں ہوئیں بلکہ دونوں وارداتوں میں نشانہ بھی میڈیکل سٹورز کو بنایا گیا،
زرائع کے مطابق تھانہ فتح شیر کی حدود میں آئے روز ہونے والی وارداتوں کی وجہ پولیس کا مقدمات درج نہ کرنا اور درخواستوں کو داخل دفتر کردینا ہے،پولیس کی ایسی حرکتوں کی وجہ سے ڈاکوؤں کو حوصلہ ملتا ہے اور وہ نڈر اور بے فکر ہوکر عوام کو لوٹنے میں مشغول رہتے ہیں،اہل علاقہ نے آر پی او ساہیوال اور ڈی پی او ساہیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ فتح شیر کے موجودہ ایس ایچ او کو تبدیل کرکے کسی ایماندار اور فرض شناس افسر کو تعینات کیا جائے،تاکہ پولیس کی بگڑتی ہوئی ساکھ کی بحالی کے ساتھ ساتھ عوام میں پھیلا ہوا عدم تحفظ کا احساس اور بے چینی ختم ہوسکے