سید ناصر حسین شاہ سے روسی وفد کی ملاقات
صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے بدھ کو روس کے وفد نے ملاقات کی . وفد کی سربراہی سینٹ پیٹر برگ حکومت کے مشیر اینڈرے زوبال کر رہے تھے ۔ وفد میں کراچی میں تعینات روس کے قونصل جنرل ڈاکٹر الیگزینڈر کوزین و دیگر شامل تھے ۔ صوبائی وزیر بلدیات کی معاونت کے لیے ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان اور محکمہ بلدیات کے افسران ملاقات میں موجود تھے ۔
روس کے وفد نے کچرے سے بجلی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے روس کو تمام سہولیات فراہم کرے گی . انہوں نے کہا کہ روس کی حکومت کے شکر گزار ہیں . جس نے پاکستان کے عوام کو اسٹیل مل کا تحفہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اسٹیل مل کی بحالی میں دلچسپی رکھتی ہے ۔ اسٹیل مل کی بحالی کیلئے تکنیکی مدد فراہم کی جائے ۔ سید ناصر حسین شاہ نے وفد کو بتایا کہ صوبہ میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ، ڈی سیلی نیشن اور کچرے سے بجلی پیدا کرنے کے وسیع مواقع موجودہیں ۔ اس موقع پر وفد نے کہا کہ سینٹ پیٹر برگ حکومت سندھ کو مختلف شعبوں میں اقتصادی اور تکنیکی مدد فراہم کرے گی ۔