قیامت کی علاماتِ صغریٰ،کبریٰ،امام مہدی اور فتنۂ دجال__!!![قسط:2]—–از—جویریہ چوہدری

0
45

رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"کئی فتنے ایسے ہوں گے،جن میں بیٹھے رہنے والا،کھڑے رہنے والے سے اور کھڑا رہنے والا چلنے والے سے اور چلنے والا دوڑنے والے سے بہتر ہو گا،جو شخص دور سے بھی ان کو جھانکے گا،وہ اس کو بھی سمیٹ لیں گے،اس وقت جس کسی کو کوئی پناہ کی جگہ یا بچاؤ کا مقام مل سکے وہ اس میں چلا جائے…!!!”
(صحیح بخاری)۔

قیامت سے پہلے جھوٹے نبیوں اور دجالوں کا ظہور ہو گا ہر ایک چھوٹا ہونے کے باوجود یہ دعویٰ کرے گا کہ وہی اللّٰہ کا نبی ہے۔(صحیح بخاری)۔

رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"وہ وقت قریب ہے جب مسلمان کے لیئے بہتر مال یہ ہو گا کہ وہ چند بکریاں لے کر پہاڑوں کی چوٹیوں اور بارش کے مقامات پر چلا جائے،اپنا دین فتنوں سے بچانے کو بھاگتا پھرے…”(صحیح بخاری)۔

زمانہ قریب ہو جائے گا(یعنی وقت بہت تیزی سے گزر جائے گا،سال مہینوں کی مانند اور مہینے ہفتہ کی طرح محسوس ہوں گے)۔(صحیح بخاری)۔

علم گھٹ جائے گا ہر طرف جہالت پھیل جائے گی،حتیٰ کہ کوئی عالم باقی نہیں رہے گا اور لوگ جاہلوں کو سردار بنا لیں گے…
ہرج بڑھ جائے گا صحابہ کرام رضوان اللہ نے عرض کی یا رسول اللّٰہ!
ہرج کیا ہے ؟
آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:

"خونریزی”…
ہرج حبشی کا لفظ کا لفظ ہے جس کا مطلب خونریزی ہے۔

(صحیح بخاری_کتاب العلم وکتاب الفتن)۔
بدکاری و فحاشی کھلم کھلا ہو گی۔(صحیح بخاری)
شراب اعلانیہ پی جائے گی(صحیح بخاری)۔

لوگ اسے نام بدل کر پیئیں گے اور حلال سمجھیں گے(صحیح بخاری)۔
آج مسلمان کتنے دھڑلے سے شراب پیتے ہیں گویا وہ حلال ہے،شادی و خوشی کے مواقع پر،ناچ گانے کے مواقع پر…
ہوٹلوں،کلبوں میں…ڈیروں، پنچائتوں میں…

وہ شراب جس کے بارے میں ہمارا رب ہمیں مخاطب کر کے کہہ رہا ہے:
اے ایمان والو__!!!
شراب اور جوا اور تھان اور فال نکالنے کے تیر یہ سب گندی باتیں شیطانی کام ہیں،ان سے بالکل الگ رہو تاکہ فلاح یاب ہو”۔(المآئدۃ:90)۔
ہمارا رب ہمیں فلاح کی راہ دکھا رہا ہے مگر ہم اس سے منہ موڑ کر کس چیز کا سودا کر رہے ہیں؟
گمراہی و گھاٹے کا ناں ؟
لاریب کہ رب کی بتائی ہوئی راہوں کے برعکس راہیں ہمیشہ سے گمراہی و ناکامی والی ہیں…!!!
اعاذنا اللّٰہ منھا__!

رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"میری امت میں ایسے لوگ پیدا ہوں گے جو زنا،ریشم اور گانے بجانے کو درست کر لیں گے۔(صحیح بخاری)۔

ایسے لوگوں کو اللّٰہ زمین م دھنسا دے گا اور کچھ کی صورتیں مسخ کر دے گا وہ قیامت تک اسی صورت میں رہیں گے…!!!
(ابن ماجہ__کتاب الفتن)۔

مسلم ممالک میں بھی آج میوزک کنسرٹ کے نام پر گانے بجانے کی جو مشقیں ہوتی ہیں وہ بھی اہلِ عقل سے ہر گز پوشیدہ نہیں ہیں…چاہے نفسانی خواہشات سے مغلوب انسان اسے ذہنی تفریح طبع کہے یا موسیقی کو روح کی غذا،
لیکن اللّٰہ تعالٰی نے اور ہمارے پیارے پیغمبر صلی اللّٰہ علیہ وسلم جنہیں اللّٰہ تعالٰی نے رحمتِ عالم بنا کر بھیجا وہ اس چیز سے منع فرما رہے ہیں یہ لہو و لعب ہے،یہ دل میں نفاق پیدا کرنے کا باعث ہے۔۔۔
یہ دل کو اللّٰہ تعالٰی کی یاد سے غافل کرنے کی وجہ ہے جبکہ اللّٰہ تعالٰی دلوں کے سکون کا راز یہ بتا رہا ہے:
اَلَا بذکراللہ تطمئن القلوب¤

سن لو __
دلوں کا اطمینان صرف اللّٰہ کی یاد و ذکر میں ہے(الرعد)۔
مسلمان معاشرے میں امر المعروف و نہی عن المنکر کا فریضہ بااحسن نبھایا جانا چاہیئے اور اس چیز کے روحانی و اخلاقی نقصانات سے آگاہ کیا جانا چاہیئے جو آج انٹر ٹینمنٹ کی آڑ میں کھلی فحاشی صورت میں ہماری زندگیوں میں سرایت کر گئے…اور ہم اسے محسوس کرنے سے بھی قاصر ہیں یا کرنا ہی نہیں چاہتے۔

اسی چیز سے آگے بڑھ کر فحاشی و عریانی جنم لیتی ہے…بے پردگی کو رواج ملتا ہے اور جسم و لباس کی زیبائش و آرائش کا بھوت سوار ہو جاتا ہے
عورتیں لباس پہننے کے باوجود ننگی نظر آتی ہیں…
رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:
جو عورتیں لباس پہننے کے باوجود ننگی ہوں گی وہ جنت کو دیکھ سکیں گی اور نہ ہی اس کی خوشبو پا سکیں گی،حالانکہ جنت کی خوشبو اتنے اور اتنے فاصلے سے محسوس کی جا سکے گی۔
(صحیح مسلم)۔

رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:
دیکھو بہت سی عورتیں جو دنیا میں پہنے ہوئے مگر آخرت میں ننگی ہوں گی۔(صحیح بخاری__کتاب الفتن)۔
(ایسی عورتیں جو لباس پہننے کے باوجود بھی ننگی نظر آتی ہیں)۔
فحاشی و عریانی ہی پھر آگے بڑھ کر بدکاری کی راہیں ہموار کرتی ہیں…
اور کوئی بھی معاشرہ ان کے مضر اثرات سے اخلاقی طور پر دیوالیہ ہو جاتا ہے…!!!

قیامت کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ ہر آنے والا وقت پہلے وقت سے بدتر ہو گا(صحیح بخاری)۔

رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:
قیامت اس وقت تک قائم نہ ہو گی،جب تک ایک آدمی دوسرے آدمی کی قبر پر گزر کر یوں نہ کہے گا کاش میں اس کی جگہ میں(قبر میں) ہوتا__”
(صحیح بخاری)۔

(جاری ہے…)
==============================

قیامت کی علاماتِ صغریٰ،کبریٰ،امام مہدی اور فتنۂ دجال__!!![قسط:2]
تحریر:(جویریہ چوہدری)۔

Leave a reply