دبئی :افغانستان کا نیوزی لینڈ کو فتح کیلئے 125رنز کا ہدف،ادھر بھارت کی امیدیں دم توڑنے لگیں ،اطلاعات کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ: افغانستان نے نیوزی لینڈ کو فتح کیلئے 125رنز کا ہدف دیا ہے اورساتھ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ بھارت کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں بھی دم توڑنے لگی ہیں‌

ٹی 20 ورلڈ کپ میں نجیب اللہ زدران کی عمدہ بیٹنگ کے باوجود افغانستان نے نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے 125 رنز کا ہدف دیا ہے۔

افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو انہیں ابتدا میں رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں 19رنز پر تین افغان کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔محمد شہزاد نے 4، حضرت اللہ زازئی نے 2 اور رحمٰن اللہ گرباز نے 6 رنز بنائے۔

اس مرحلے پر گلبدین نائب کا ساتھ دینے نجیب اللہ زدران آئے اور دونوں بلے بازوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 37 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اسی اسکور پر گلبدین 15رنز بنا کر چلتے بنے۔

دوسرے اینڈ سے نجیب اللہ نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کپتان محمد نبی کے ساتھ شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔

دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 59 رنز جوڑے جس میں نبی کا حصہ صرف 14 رنز کا رہا اور ٹم ساؤدھی کو انہی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

اننگز کے 19ویں اوور میں نجیب اللہ کی شاندار اننگز بھی اختتام کو پہنچی جنہوں نے ٹرینٹ بولٹ کی وکٹ بننے سے قبل 48 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے۔افغانستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔

گروپ 2 سے پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے اور امکان ہے کہ اس گروپ سے سیمی فائنل میں جانے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ آج کے میچ کے بعد ہوجائے گا۔

اگر نیوزی لینڈ افغانستان کو ہرا دیتا ہے تو وہ رن ریٹ کی پیچیدگیوں میں پڑے بغیر دوسرے سیمی فائنل میں جگہ بنا لے گا۔

تاہم اگر افغانستان بلیک کیپس کے خلاف جیت جاتا ہے، تو بھارت سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے ایک مضبوط دعویدار ہوگا کیونکہ پیر کو اس کا آخری گروپ میچ میں نمیبیا سے مقابلہ ہوگا۔

ابوظبی میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان کے اسپنر مجیب الرحمٰن بھی پلیئنگ الیون کا حصہ بنے ہیں جو بھارت کے خلاف ان فٹ ہونے کے سبب میچ نہیں کھیل سکے تھے۔

واضح رہے کہ گروپ 2 سے آسٹریلیا اور انگلینڈ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔

گروپ 1 میں اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ 8 پوائنٹس ہیں جس کے بعد نیوزی لینڈ کے 6 اور بھارت کے 4 پوائنٹس ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

افغانستان: محمد نبی (کپتان) حضرت اللہ زازئی، محمد شہزاد (وکٹ کیپر)، رحمٰن اللہ،مجیب الرحمٰن، نجیب اللہ زدران، گلبدین نائب، کریم جنت، راشد خان، نوین الحق، حامد حسن۔

نیوزی لینڈ: کین ولیمسن(کپتان)، مارٹن گپٹل، ڈیرل مچل، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمز نیشام، مچل سینٹنر، ٹم ساؤدھی، ٹرینٹ بولٹ، اش سودھی، ایڈم ملنے-

Shares: