پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ میں پاکستان کی سیاست اور سیاسی سرگرمیوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں، ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاکستان عوامی تحریک کی چیئرمین شپ بھی چھوڑ دی
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر طاہرالقادری نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاوَن کی قانونی جنگ کے لیے تاحال کھڑا ہوں،پارلیمنٹ میں ملک کی بہتری کی بحث کے سوا باقی سب کچھ ہوتا ہے،پارلیمنٹ کا حصہ بن کر سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھا،ہم نے کرپشن کے خلاف عوامی شعور پیدا کرنے میں کردار ادا کیا،
طاہر القادری نے مزید کہا کہ ہماری مسلسل جدوجہد کی وجہ سے ملک میں احتساب کا دروازہ کھلا ہے لیکن جو تبدیلی کا نام لے کر آئے تھے انکی تبدیلی اب تک مجھے نظر نہیں آئی ہے ، تبدیلی کی بات کرنے والے کہاں ہیں؟
ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید کہا کہ میں پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی سرگرمیوں سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں میں اپنے تمام تر اختیارات سپریم کونسل کو دے رہا ہوں
انہوں نے مزید کہا کہ میں حکومت وقت سے اپیل کرتا ہوں کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا کو انصاف دیا جائے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلانےکیلئے ہماری جنگ آخر دم تک جاری رہے گی، حکومت شہدائے ماڈل ٹاون کے حوالے سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔