پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں اسلام آباد پہنچ گئیں
باغی ٹی وی : پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں اسلام آباد پہنچ گئیں
دونوں ٹیمیں بذریعہ چارٹرڈ فلائیٹ کراچی سے اسلام آباد پہنچیں. پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ 4 فروری سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا. دونوں ٹیمیں کل سے راولپنڈی میں ٹریننگ کا آغاز کریں گی
ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی #PAKvSA @TheRealPCB pic.twitter.com/OYSIb4w8h7
— Baaghi TV باغی ٹی وی (@BaaghiTV) January 31, 2021
دوسرے ٹیسٹ بارے سابق پاکستانی کپتان رمیز راجہ کا خیال ہے کہ تجربہ کار بلے باز اظہر علی کو جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم کے لئے اننگز کا آغاز کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ پاکستان کی اوپننگ جوڑی عابد علی اور عمران بٹ کراچی ٹیسٹ میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی تھی، عمران بٹ نے 9 اور 12 رنز بنائے جب کہ عابد علی صرف 4 اور 10 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوسکے ۔
اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اظہر علی کو پاکستان کے لئے اننگز کی شروعات کرنی چاہئے کیونکہ وہ عام طور پر تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے بھی جلدی ہی کریز پر آجاتے ہیں، اظہر علی نے دبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرپل سنچری اور آسٹریلیا کے خلاف میلبورن میں 200 رنز کی بڑی اننگز بھی اوپننگ کرتے ہوئے ہی کھیلی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے بیٹنگ لائن اپ میں مزید مضبوطی پیدا ہوگی اور مڈل آرڈر پر دباؤ کم ہوگا۔ رمیز راجہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ اظہر علی کے لئے اوپننگ کی راہ ہموار کرنے کے لئے بیٹنگ آرڈر میں کس کو ڈراپ یا نچلے نمبروں پر کھلایا جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دوسرا ٹیسٹ 4 فروری کو راولپنڈی میں شروع ہوگا۔