بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے پاکستان سے کل کھیلے جانے والے میچ سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میںہونے والے اس میچ کے حوالہ سے ان کی ٹیم پر کوئی دباؤ نہیں ہے اور ان کی ٹیم کی توجہ صرف اپنی کارکردگی پر ہے۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کل ہونے والے میچ سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے پاک بھارت میچ سے متعلق بننے والے جذباتی ماحول کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں یہ نہیں سوچنا کہ یہ میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہے بلکہ ہمیں اس میچ کو بھی عام میچ سمجھنا ہے. ہمیں صرف اس میں اپنی کارکردگی کو ذہن میں رکھنا ہے۔ دوسری ٹیم کیا کر رہی ہے، ہم اس کے بارے میں کچھ نہیں سوچ رہے۔
ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ حالات اور موسم کے مطابق ہم اپنی ٹیم کا انتخاب کریںگے. پچاس اوور کا میچ ہو تا اچھا ہے لیکن اگر کم اوور کا میچ ہوا تو اس کیلئے بھی ہم تیار ہیں. ان کا کہنا تھا کہ ہم پیشہ وارانہ انداز میں اس میچ کو لے رہے ہیں. کھلاڑی کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے اور اپنے کھیل پر توجہ دیں گے.
واضح رہے کہ کل پاکستان اور انڈیا کی ٹیموں کے مابین ورلڈکپ کا انتہائی اہم میچ کھیلا جارہا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی ہے کہ بارش سے میچ متاثر ہو سکتا ہے.