وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اسمبلی میں دو تہائی اکثریت رکھنے والی صوبائی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا دعویٰ مذاق سے کم نہیں-
باغی ٹی وی : محمود خان نے کہا خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان عمران خان کے سپاہی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے نہ وفاداریاں بدلیں نہ کسی کے سامنے جھکیں خیبرپختونخوا کے غیرت مند عوام ہمیشہ عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اورکڑے رہیں گے۔ حال ہی میں اسلام آباد میں ہونے والے جلسہ میں خیبرپختونخوا سے بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت اپوزیشن جماعتوں کے لیے ایک سبق تھی کہ خیبرپختونخوا پاکستان تحریک انصاف کا مضبوط گڑھ ہے۔
یہ بات انہوں نے پیر کو چکسر، ضلع شانگلہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جلسے سے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی، سابق صوبائی وزیر عبدالمنیم خان، تحصیل چیئرمین کے امیدوار اختر علی چٹان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
وزیراعلیٰ نے اسلام آباد جلسہ میں بھرپور شرکت پر خیبرپختونخوا کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے عمران خان کی بھرپور حمایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ خیبرپختونخوا پی ٹی آئی کا مرکز ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ایسے وزیر اعظم کو ہٹانے کی کوشش کر رہی ہیں جس نے ہمیشہ قومی وقار اور آزادی کی بات کی عمران خان واحد وزیراعظم تھے جنہوں نے ملک کو آزاد خارجہ پالیسی دی اور عالمی طاقتوں پر واضح کر دیا کہ دوستی صرف برابری کی بنیاد پر ہوگی آج دنیا میں سبز پاسپورٹ کی عزت ہے تو یہ عمران خان کی محنتوں کی وجہ سے ہے۔
عمران خان کو سکیورٹی تھریٹ والا خط کس نے لکھا؟ پی ٹی آئی کے ناراض رکن کا بڑا انکشاف
انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم نے جس انداز میں مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اٹھایا اس کی مثال نہیں ملتی۔ عمران خان تمام عالمی فورمز پر اسلام اور مسلمانوں کی موثر آواز بن چکے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان 18 سال تک کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے لیکن کبھی کشمیری عوام کے لیے آواز نہیں اٹھائی۔ اس نے اسلام کے نام پر صوبے میں پانچ سال حکومت کی لیکن اسلام کے لیے کچھ نہیں کیا۔
محمود خان نے کہا کہ صوبے کے سابقہ حکمرانوں نے صرف اور صرف نعرے لگا کر عوام کو دھوکہ دیا۔ کسی نے اسلام کے نام پر، کسی نے روٹی کپڑا کے نام پر اور کسی نے پختونوں کے نام پر حکومت کی لیکن لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے صرف اقتدار کے مزے لوٹے اور اپنی جائیدادیں بنائیں۔ موجودہ حکومت عوام کے پیسے کی ایک ایک پائی عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہی ہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے آئمہ مسجد کے لیے وظیفہ متعارف کرایا، مدارس کے طلباء کے لیے وظائف اور مساجد کی سولر ائزیشن کا کام کیا جا رہا ہے۔
ابھی تو پنجاب میں گیم شروع ہوا ہے، پرویز الٰہی کیسے وزیراعلیٰ بن گئے؟،لیگی رہنما،ترین گروپ نے بھی کل…
انہوں نے مزید کہا کہ صحت سہولت کارڈ کو صوبے کی صد فیصد آبادی تک پہنچایا گیا ہے جو کہ موجودہ حکومت کا ایک اور سنگ میل ہے۔ اس کے علاوہ مستحق خاندانوں کو رعایتی نرخوں پر اشیائے خوردونوش فراہم کرنے کے لیے فوڈ کارڈز متعارف کرائے جائیں گے جبکہ تعلیمی کارڈز بھی آئندہ بجٹ میں شروع کیے جائیں گے۔
محمود خان نے کہا کہ ماضی میں کسی نے ملک کو زراعت میں خود کفیل بنانے کا منصوبہ نہیں بنایا تھا جبکہ موجودہ دور حکومت میں 40 سال بعد ملک میں 10 ڈیم بن رہے ہیں۔ گزشتہ حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا تھا لیکن وزیراعظم عمران خان کی وژنری قیادت نے نہ صرف ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا بلکہ ملکی معیشت کو بھی درست راستے پر ڈال دیا۔