کراچی: پیپلز پارٹی کا حکومت کے خلاف کراچی مزار قائد سے شروع ہونے والا لانگ مارچ حیدرآباد، ٹھٹھہ، سجاول سے ہوتا ہوا بدین پہنچ گیا، جہاں بلاول بھٹو نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ کراچی، ٹھٹھہ اور سجاول کے عوام نے ’گو سلیکٹڈ گو‘ کا فیصلہ سنادیا جبکہ تحریک عدم اعتماد اور لانگ مارچ سے وزیراعظم عمران خان نے گھبرانا شروع کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف مزار قائد سے لانگ مارچ کا آغاز کیا جو 10 دنوں میں 34 شہروں سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا۔ اس موقع پر سیکڑوں کارکنان درجنوں گاڑیوں میں شہر اور ملک کے دیگر حصوں سے مزار قائد پہنچے۔ کارکنان نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اٹھائے ہوئے تھے جب کہ وہ وقفے وقفے سے پارٹی کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے بھی لگاتے رہے تھے۔

کراچی سے روانگی کے پر بلاول نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیازی کو بھگا کر جمہوری نظام لائیں گے، عمران خان کی حکومت کرپٹ ترین حکومت ہے جس نے کرپشن ختم کرنے وعدہ کیا مگر عمران خان کے دور حکومت میں کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔ چیئرمین پی پی نے کہا کہ نالائق نیازی نے ملک کی معیشت تباہ کردی، تین سال دیکھ چکے اب سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی کو گھر جانا ہے، کٹھ پتلی کے خلاف کراچی کے عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوچکےہیں۔

Shares: