کراچی: کراچی میں درجہ حرارت میں اضافہ اور ہیٹ اسٹروک ،خطرے کی گھنٹی بج گئی ،طلاعات کےمطابق گرمی کی شدت اور محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی کے درجہ حرارت میں اضافے اور ہیٹ اسٹروک کے پیش گوئی کے پیش نظر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کی ہدایت پر ضلع وسطی کے مختلف مقامات پر پانچ ہیٹ اسٹروک ریلیف کیمپس قائم کردیئے گئے۔
ہیٹ اسٹروک ریلیف کیمپس ناظم آباد پیٹرول پمپ چورنگی, عمر خان ڈسپنسری نارتھ کراچی, فائیو اسٹار چورنگی, واٹر پمپ چورنگی اور لیاقت آباد دس نمبر پر قائم کیے گئے۔چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کونسل اراکین الیاس کھوکھر, زین الحق, آصف احمد, سعد ملک و ڈائریکٹر ریسکیو داور عباس, ٹی ایچ او دیگر کے ہمراہ مختلف ہیٹ اسٹروک ریلیف کیمپس کا دورہ کیا اور محکمہ میڈیکل و ریسکیو کے عملے کی جانب سے کیمپس پر مہیا کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ ضلع وسطی نے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت ضلع کے مرکزی مقامات پر عوام کو ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے کیمپس لگائے ہیں،جس میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف، آئس پیکس، آئس جیکٹس، او آر ایس، ڈریپس، تولئے، کیپ، منرل واٹر، ٹھنڈے مشروبات اور گرمی کی شدت سے بچاؤ سے متعلق تمام ضروری اشیاء کی موجودگی کو ممکن بنایا گیا ہے۔
انہوں نے ہیٹ اسٹروک کیمپ کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جب تک گرمی کی شدت میں کمی واقع نہ ہو ہیٹ اسٹروک کیمپس باقاعدگی کے ساتھ عوام کو سہولتیں پہنچانے کے لئے قائم رکھے جائیں۔ چیئرمین ریحان ہاشمی نے کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ انتظامیہ سے اپیل کی کہ بالخصوص ہیٹ اسٹروک کے موقع پرشہریوں کو بلا تعطل بجلی و پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ اسپتالوں، گھروں میں موجود بچے بوڑھوں، خواتین و مرد حضرات کو کسی حد تک سکون میسر آسکے۔








