عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کے وفد کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال

ٹھٹھہ ،باغی ٹی وی (نامہ نگار بلاول سموں کی رپورٹ)عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کے وفد کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

ڈپٹی کمشنر منور عباس سومرو نے کہا ہے کہ صحافت پیغمبری پیشہ اور ریاست کا چوتھا ستون ہی نہیں بلکہ معاشرے کا عکس بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کے صدر بلاول سموں کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر محفوظ علی سومرو اور اسسٹنٹ عبدالشکور میمن بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صحافیوں کو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھانے کی ضرورت ہے، صحافت پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ معاشرتی برائیوں کے خاتمہ اور عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح میں صحافیوں کا کردار انتہائی اہم ہے، تنقید برائے تنقید ہی نہیں بلکہ تنقید برائے اصلاح ہونی چاہیے، لہذا صحافی حضرات اچھی تجاویز دیں جو ضلع کی ترقی اور عوام کی سہولت سے متعلق ہوں تو اس پر عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کے تعمیر اور ترقی کیلئے کوششیں کی جائیں گی تاکہ یہاں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے۔

قبل ازیں عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کے صدر بلاول سموں و دیگر ممبران نے ڈپٹی کمشنر کو ٹھٹھہ کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے گلدستہ اور اجرک کے تحائف بھی پیش کئے۔

اس موقع پر بلاول سموں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ انتظامیہ سے مل کر کام کریں اور ضلعی انتظامیہ کے اچھے اور مثبت کام کی حوصلہ افزائی کریں جبکہ کمزوریوں کی نشاندہی کریں تاکہ مسائل حل ہو سکیں۔

صحافیوں کے وفد کی جانب سے ڈپٹی کمشنر سے دیگر مختلف امور اور مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کو عوامی پریس کلب کے دورے کی دعوت دی جس پر انہوں نے جلد پریس کلب کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

Leave a reply