سرگودھا : سرگودھا میں خرچہ نہ دینے پر لڑکے نے اپنی بڑی بہن کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں مبینہ طور پر بھائی نے فائرنگ کرکے بڑی بہن کو قتل کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے قتل کا واقعہ بہن بھائی کے جھگڑے کے بعد پیش آیا ، جس میں بھائی نے خرچہ نہ دینے پر بڑی بہن کو قتل کیا اور فرار ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ اپنی بہن کو قتل کرنے کے بعد ملزم فرار ہوگیا ، تاہم ملزم کی تلاش کا آغاز کر دیا گیا ہے جب کہ مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ واقعہ سے متعلق اہل خانہ کا تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ خیال رہے کہ جائیداد کے تنازعہ پر بھی والدین اور بہن بھائیوں کو قتل کرنے کے کئی افسوسناک واقعات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔
حال ہی میں گجرات کے علاقے کلیوال سیداں میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص کو بےدردی سے قتل کر دیا گیا۔ مذکورہ شخص کی سر کٹی لاش ملی تھی، پولیس نے تحقیقات میں انکشاف کیا تھا کہ مقتول کو اس کے سگے بیٹوں نے قتل کیا تھا او لاش سڑک کنارے پھینک کر روپوش ہو گئے تھے تاہم پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
مقتول کی لاش 4 جون کو ملی تھی جسے بے دردی سے قتل کرکے سڑک کنارے پھینک دیا گیا تھا، بعدازاں مقتول کی شناخت غلام سرور کے نام سے ہوئی، پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کیا تو مقتول کے اہلخانہ غائب تھے جس پر پولیس نے اُن کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دیں۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول غلام سرور کے دو بیٹوں اور بیوی کو شیخوپورہ سے گرفتار کیا گیا۔ملزم نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ انہوں نے خود اپنے والد کو قتل کیا اور اس قدر بےدردی سے مارا کہ اس کا سر ہی جسم سے جدا کر دیا۔