شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی )وویمن پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب کی چیئرپرسن فاطمہ چدھڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق دیہی و شہری خواتین کو انکے بنیادی حقوق کی فراہمی اور ہر قسم کے تحفظ کیلئے وویمن پروٹیکشن اتھارٹی کا قیام ایک ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا خواتین کی شرکت کے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، گھریلو زندگی سے لیکر دفاتر تک خواتین کا مکمل تحفظ کرنے کے ساتھ انہیں انصاف اور بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ خواتین کے ساتھ تشدد کے واقعات کی روک تھام اور حوصلہ شکنی کیلئے بھی وویمن پروٹیکشن اتھارٹی مکمل طور پر بااختیار ہے،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ضلعی چیئرپرسن جمیلہ یونس کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فاطمہ چدھڑ نے کہا کہ ماضی میں خواتین کو صرف شوپیس کے طور پر قومی سیاست میں استعمال کیا گیا جبکہ موجودہ حکومت نے عملی طور پر خواتین کو با اختیار بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں اداروں میں تحفظ کی فراہمی اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں اب مرکز سے لیکر گراس روٹ لیول تک کسی بھی خاتون کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی و ناانصافی اور گھریلو تشدد، غیر سماجی و غیر اخلاقی رویے برداشت نہیں کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو جو حقوق دیئے ہیں وہ کسی اور مذہب و نظام نے نہیں دیئے، اسلام مسلم و غیر مسلموں سمیت تمام تر انسانوں کے حقوق اورمذہبی آزادی کا ضامن دین ہے، انہوں نے بتایا کہ اضلاع کی سطح پر وویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسنز کی نامزدگیوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اس سلسلہ میں ضلع شیخوپورہ کیلئے جمیلہ یونس کو چیئرپرسن منتخب کیا گیا ہے۔








